رسائی کے لنکس

کیوبا ایران کے ساتھ مل کر ویکسین بنا رہا ہے


Cuba map
Cuba map

کیوبا نے کہا ہے کہ اس نے ایک معاہدے کے تحت ایران کے ساتھ اپنی جدید ترین ویکسین کی ٹیکنالوجی شئیر کی ہے اور کیوبا اس ویکسین کے حتمی ٹرائل ایران میں مکمل کرے گا۔

دونوں ممالک پر امریکہ کی سخت تجارتی پابندیاں ہیں۔ اگرچہ ادویات کو ان پابندیوں سے استثنا حاصل ہے لیکن بڑی ادویات سازکمپنیوں کو ان ممالک سے لین دین میں مشکلات پیش آتی ہیں اور ان دونوں ممالک کو نقد ادائیگیوں میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

ایران نے دسمبر میں اپنی کرونا وائرس کی ویکسین کے انسانی ٹرائل شروع کئے تھے جب کہ کیوبا اس وقت چار ویکسینز پر کام کر رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کیوبا کی سب سے جدید ویکسین سوبرنا 2 کے فیز 2 کے ٹرائل جو 22 دسمبر سے شروع ہوئے تھے، مکمل ہونے پر فیز 3 میں ڈیڑھ لاکھ لوگوں پر اس کا ٹرائل کیوبا کے دارالحکومت ہوانا میں کیا جائے گا۔

کیوبا کی کرونا وائرس کے خلاف عمدہ منیجمنٹ کی بدولت حکام کرونا ویکسین کے کسی دوسرے ملک میں بھی تجربات کرنا چاہتے ہیں۔

مشرق وسطی میں ایران کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔

کیوبا کے فنلے ویکسین سینٹر نے جمعے کے روز یہ اعلان کیا ہے کہ اس نے ایران کے پاسٹر انسٹی ٹیوٹ کے ساتھ سوبرینا 2 کے لیےشراکت کا معاہدہ کیا ہے۔

ویکسین سینٹر نے ٹوئٹر پر لکھا “یہ شراکت دونوں ممالک کو کرونا وائرس کے خلاف ویکسین بنانے میں تیزی سے آگے بڑھنے میں مدد دے گی۔”

کیوبا کا کہنا ہے کہ کئی ممالک نے اس سے ویکسین لینے میں دلچسپی ظاہر کی ہے مگر یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ملک کے ساتھ اس طرح کا معاہدہ ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG