رسائی کے لنکس

دلائی لاما کے بھتیجے امریکہ میں ٹریفک حادثے میں ہلاک


دلائی لاما کے بھتیجے امریکہ میں ٹریفک حادثے میں ہلاک
دلائی لاما کے بھتیجے امریکہ میں ٹریفک حادثے میں ہلاک

بدھ مت کے روحانی پیشوا دلائی لاما کے بھتیجے امریکہ میں ایک ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق 45 سالہ جگ می نوربونے تبت میں چینی حکومت کی جانب سے روا رکھی جانے والی انسانی حقوق کی پامالی کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے 480 کلومیٹر طویل واک کا اعلان کیا تھا۔

پیر کی شام نوربو اپنی امن واک کے سلسلے میں سینٹ آگسٹائن نامی شہر سے 40 کلومیٹر دور جنوب میں ایک شاہراہ پر پیدل مارچ کر رہے تھے کہ ایک کار نے انہیں کچل دیا۔ پولیس کے مطابق شاہراہ پر اندھیرا تھا جس کے باعث ڈرائیور نوربو کو دیکھ نہیں سکا۔

حکام کا کہنا ہے کہ طبی عملہ کی آمد سے قبل ہی نوربو دم توڑ چکے تھے۔

نوربو اس سے قبل بھی اس طرح کی کئی واکس کا انعقاد کرچکے تھے جن کا مقصد چین کے زیرِانتظام علاقے تبت میں انسانی حقوق کی صورتِ حال اور تبت کی بدھ آبادی کے ساتھ چینی حکومت کے مبینہ ناروا سلوک کو اجاگر کرنا تھا۔ ا سی طرح کی ایک واک کے سلسلے میں انہوں نے 2009ء میں امریکی ریاست انڈیانا سے نیویارک سٹی تک 15 سو کلومیٹر کا فاصلہ پیدل طے کیا تھا۔

جگ مے نوربو تبتی بدھوں کے روحانی پیشوا دلائی لاما کے بھائی تھوبتن نوربو کے صاحبزادے تھے اور ریاست انڈیانا کے شہر بلومنگٹن میں رہائش پذیر تھے۔

تھوبٹن نوربو بلومنگٹن میں واقع یونیورسٹی آف انڈیانا سے پروفیسر کی حیثیت سے منسلک تھے اور امریکہ میں دلائی لاما کے نمائندے کے طور پر فرائض بھی انجام دیتے رہے تھے۔ وہ 2008ء میں 86 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے جس کےبعد ان کےبیٹے یہ ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔

XS
SM
MD
LG