رسائی کے لنکس

باتیں صنم کی


ہم ٹی۔وی سے ہر ہفتے کی شب نشر ہونے والا ڈراما’’ در شہوار‘‘ 16 جون کو اختتام کو پہنچا۔ ناظرین کی ایک بڑی تعداد نے اسے بے حد شوق سے دیکھا اور سراہا۔ مضبوط اسکرپٹ اور عمدہ ہدایتکاری کے ساتھ ساتھ اداکاروں کی حقیقت سے قریب تر اداکاری نے اسے سہ ماہی کا مقبول ترین پلے ثابت کیا۔

ڈراما ، مرکزی کردار درشہوار کے اردگرد گھومتا ہے ۔ درشہوار ایک ایسی لڑکی ہے جو ایک کھاتے پیتے گھرانے میں ماں باپ کی ناز برداریوں میں پروان چڑھی ہے لیکن اس کی شادی ایک ایسے گھر میں ہو جاتی ہے جو حیثیت اور رکھ رکھاؤ میں ان سے کہیں کم ہوتے ہیں۔درشہوار ان کٹھن راستوں سے باپ کی انگلی پکڑ کر گزر جاتی ہے اور ایک ایک کر کے اپنی راہ کے سارے کانٹے اپنے ہاتھوں سے چنتی ہے۔

مرکزی کردار ’’در شہوار‘‘ کو دو اداکاراؤں نے نبھایا’’صنم بلوچ‘‘ اور ’’ثمینہ پیرزادہ ‘‘ نے۔ہم نے صنم بلوچ سے اس ڈرامے کے حوالے سے خصوصی انٹرویو کیا۔

صنم اپنے کردار کو اب تک کے کام میں سب سے بہترین قرار دیتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے اس کردار کو ایکٹنگ سمجھ کر نہیں بلکہ حقیقت سمجھ کر کیا ہے اس کردار کی تکلیف کو محسوس کیا ہے، اسے باقاعدہ اوڑھا ہے ۔

صنم اس سے منسلک ایک واقعے کا ذکر کرتی ہیں کہ انہیں ایک فین ملے جن کا کہنا تھا کہ اب والدین کو اپنی بیٹیوں کو جہیز میں زیور کے ساتھ اس ڈرامے کی سی۔ڈی بھی دینی چاہیے صنم اسے اپنے لیے ٹریبیوٹ سمجھتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں تک پہنچنے کے لیے انہوں نے کڑی محنت اور لگن سے کام کیا ہے اور شب و روز کی پرواہ کیے بغیر کام کیا ہے ۔وہ اپنے کام کو عبادت کا درجہ دیتی ہیں اور کہتی ہیں کہ ان کے پاس واپسی کا کوئی راستہ نہیں اس لیے وہ ان لوگوں اور رشتے داروں کو جو اداکاری کے شعبے میں جانے کے خلاف ہیں ، یہ دکھانا چاہتی ہیں کہ اگر محنت اور تندہی سے کام کیا جائے تو یہ شعبہ برا نہیں ہے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ صنم کی بڑی بہن سبرین حسبانی بھی اسی شعبے سے وابستہ ہیں انھوں نے ’’میری ادھوری محبت ‘‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

صنم کراچی میں پیدا ہوئی اور وہیں تعلیم حاصل کی ۔ انہوں نے کئی ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کیے ہیں جن میں کالک،ابھی ابھی،دوراہا،نور پور کی رانی،بند کھڑکیوں کے پیچھے،چودھویں کا چاند،منچلے،زینت بنت سکندر حاضر ہو،دام،داستان،کیمسٹری،زندگی دھوپ تم گھنا سایا،اکبری اصغری،کچھ پیار کا پاگل پن،ندامت ،درشہوار ،روشن ستارہ اور ٹیلی فلموں میں کچا گھڑا ہے دل،آلان،مہرو کی کہانی،منت،اور سیریز میں قصوں کی چادر،وہ چار اور بولتے افسانے شامل ہیں۔

صنم نے کئی شوز کی میزبانی بھی کی جن میں صنم جی پسند(سندھی)،دیو(سندھی)، مارننگ ود ہم اور آج کل وہ صبح سویرے سما ٴ کے ساتھ کے نام سے مارننگ شو کر رہی ہیں اور فی الحال اسی پہ فوکس کرنا چاہتی ہیں۔

صنم نے اپنے فینز کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ سچ کے راستے پر چلنے کی کوشش کریں۔ اور یہ کہ میں پوری محنت اور دیانت داری سے اپنی بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کرتی ہوں لیکن اگر میں کابھی اچھا نہ کر سکوں تو اسے معاف کر دیں اور اس کے لیے دعا کریں کیونکہ ابھی بہت لمبا اور کٹھن راستہ باقی ہے۔

XS
SM
MD
LG