رسائی کے لنکس

ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت اور اعلیٰ سول ایوارڈ دیا جائے گا


ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر ڈیرن سیمی پاکستان میں بھی خاصے مقبول ہیں۔ (فائل فوٹو)
ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر ڈیرن سیمی پاکستان میں بھی خاصے مقبول ہیں۔ (فائل فوٹو)

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے معروف کرکٹر اور پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو اعزازی شہریت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر مملکت عارف علوی انہیں پاکستان کی شہریت کے ساتھ اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے بھی نوازیں گے۔

ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت دینے کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہفتے کو ایک ٹوئٹ کے ذریعے کیا۔

ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈیرن سیمی نے پاکستان میں کرکٹ کے لیے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔ صدر مملکت عارف علوی ڈیرن سیمی کو 23 مارچ کو اعلیٰ سول ایوارڈ اور اعزازی شہریت سے نوازیں گے۔

ڈیرن سیمی کا شمار ان بین الاقوامی کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جو پاکستان میں بھی خاصے مقبول ہیں۔ ڈیرن سیمی پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن سے پاکستان آ رہے ہیں۔ وہ پانچویں ایڈیشن میں شرکت کے لیے اب بھی پاکستان میں موجود ہیں اور پشاور زلمی کی کپتانی کے فرائض نبھا رہے ہیں۔

ڈیرن سیمی کو پاکستان کا اعلیٰ سول ایوارڈ دیے جانے کے اعلان پر پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کا بھی ایک بیان سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سیمی کو پاکستان کا اعلٰی ترین سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ کرکٹ اور پاکستان سے محبت کرنے والوں کے جذبات و احساسات کا عکاس ہے۔

جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ بلاشبہ اس مرد میدان کی خدمات پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کے لیے ناقابلِ فراموش ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈیرن سیمی نے کراچی کنگز سے میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ انہیں پاکستان سے محبت کے لیے پاسپورٹ کی ضرورت نہیں۔

ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی محبت میرے دل میں ہے۔ مجھے خود کو اس ملک سے جوڑنے کے لیے پاسپورٹ کی ضرورت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میری کاوشوں کا اعتراف کرنا اچھا ہے لیکن میرے لیے لوگوں کی محبت ہی سب کچھ ہے۔

XS
SM
MD
LG