رسائی کے لنکس

سانحہٴ کراچی کے خلاف جمعرات کو ’یوم سوگ‘ کا اعلان


سندھ کے وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ نے ’یوم سوگ‘ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پورے صوبے اور خاص کر کراچی میں قیام امن کے لئے کوشاں ہے

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے سانحہٴ کراچی کے خلاف جمعرات کو ’یوم سوگ‘ کا اعلان کیا ہے۔ سندھ کے وزیر اعلیٰ سید قائم علیٰ شاہ کی جانب سے بھی بدھ کی دوپہر یوم سوگ کا اعلان کیا گیا جبکہ ایم کیو ایم نے یوم سوگ کے سلسلے میں ٹرانسپورٹرز اور تاجروں سے کاروباری سرگرمیاں معطل کرنے کی اپیل کی ہے۔

سندھ کے وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ نے یوم سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پورے صوبے اور خاص کر کراچی میں قیام امن کے لئے کوشاں ہے، دہشت گردوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ سانحہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے واقعے کی فوری رپورٹ بھی طلب کرلی ہے جبکہ مرنے والے افراد کے لواحقین کے لئے امداد کا اعلان کیا ہے۔

ادھر متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین نے سانحے کے خلاف یوم سوگ کے سلسلے میں ٹرانسپورٹرز ، تاجروں، صنعت کاروں اور دکان داروں سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعرات کو اپنی تمام کاروباری سرگرمیاں معطل رکھیں اور متاثرہ افراد اور خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کریں۔

وفاق اور سندھ کے بعد بد ھ کو حکومت پنجاب اور بلوچستان کی جانب سے بھی ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا۔

XS
SM
MD
LG