گزشتہ ہفتے 20 جولائی کو امریکی ریاست کولوراڈو کے شہر ارورا میں ایک مسلح شخص کی فائرنگ سے 12 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔ مسلح شخص نے یہ فائرنگ 'بیٹ مین سیریز' کی نئی فلم کے پریمیئر کے موقع پر ایک سنیما ہال میں کی۔ بعد ازاں حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا۔
ماضی قریب میں دنیا کے مختلف علاقوں میں فردِ واحد کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے ہلاکت خیز واقعات کا خلاصہ ذیل میں درج ہے:
ماضی قریب میں دنیا کے مختلف علاقوں میں فردِ واحد کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے ہلاکت خیز واقعات کا خلاصہ ذیل میں درج ہے:
- 22 جولائی 2011ء کو ناروے کے دارالحکومت اوسلو اور اس کے نواح میں آندرے بیرنگ بریوک نامی عیسائی شدت پسند کی فائرنگ اور بم حملے کے نتیجے میں 77 افراد ہلاک ہو گئے۔
- 5 نومبر 2009ء کو امریکی ریاست ٹیکساس کے علاقے 'فورٹ ہوڈ' میں امریکی فوج سے وابستہ ایک ماہرِ نفسیات نے فائرنگ کرکے 13 افراد کو قتل کردیا۔
- 23 ستمبر 2008ء کو فِن لینڈ کے علاقے کوہا جوکی میں ایک مسلح شخص نے پیشہ ورانہ تربیت دینے والے مقامی کالج میں فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے۔ بعد ازاں حملہ آور نے خود کشی کرلی۔
- 16 اپریل 2007ء کو امریکی ریاست ورجینیا کے قصبے بلیکس برگ میں ایک مقامی یونی ورسٹی کے طالبِ علم نے فائنرگ کرکے 33 افراد کو ہلاک کردیا اور بعد ازاں خودکشی کرلی۔
- 26 اپریل 2002ء کو جرمنی کے شہر 'ایرفرٹ' کے مقامی اسکول سے خارج کیے جانے والے ایک طالبِ علم نے اسکول کے احاطے میں میں فائرنگ کرکے 13 اساتذہ، دو طلبا اور ایک پولیس اہلکار کی جان لینے کے بعد خودکشی کرلی۔
- 20 اپریل 1999ء کو امریکی ریاست کولوراڈو کے قصبے 'لٹل ٹون' کے 'کولمبین ہائی اسکول' کے دو سینئر طلبہ نے فائرنگ کرکے 12 طلبا اور ایک استاد کو قتل کردیا۔ بعد ازاں دونوں طالبِ علموں نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔