رسائی کے لنکس

’ڈیڑھ عشقیہ‘ کیریئر کا ’ٹرننگ پوائنٹ‘ ثابت ہوگی: اداکارہ ہُما قریشی


مادھوری بہت نائس ہیں، غصہ بھی آئے تو خود کو کمپوزڈ رکھ کر مسکراتی رہتی ہیں۔ نصیر صاحب بہت سمجھدار اور ذہین ہیں۔ ان کا مزاح انگریزوں والا ہے اور ارشد، وہ تو پاگل ہے۔

بالی وُوڈ کی ابھرتی ہوئی اداکارہ ہما قریشی کو یقین ہے کہ مادھوری، نصیر الدین شاہ اور ارشد وارثی کے ساتھ ان کی نئی فلم ’ڈیرھ عشقیہ‘ ان کے کیرئیر میں ایسا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوگی جو انہیں یکدم بہت اونچائی تک لے جائے گا۔

دو سالوں کے دوران پانچ فلموں میں کام کرنے والی ہُما قریشی کے کریڈٹ پر کوئی دھماکے دار بلاک بسٹر فلم تو موجود نہیں۔ مگر انہوں نے جتنا کام بھی اب تک کیا ہے، کریکٹس اور شائقین سے داد ہی وصول کی ہے۔

سن 2010 میں بنی وشال بھرت واج کی سپر ہٹ فلم ’عشقیہ‘ کے سیکوئل ’ڈیڑھ عشقیہ‘ میں مادھوری اور نصیرالدین شاہ جیسے لیجنڈری اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کو یادگار تجربہ بتاتے ہوئے ہُما نے فلم میں اپنے کردار کے بارے میں بتایا کہ وہ گاؤں کی گوری ’منیا‘ تو ہیں لیکن سیدھی سادھی ہرگز نہیں۔ بیگم پارہ یعنی مادھوری کے ساتھ رہنے کے باوجود منیا کچھ پراسرار سی شخصیت کی مالک ہے۔

ہُما کا کہنا تھا کہ مادھوری، نصیرالدین شاہ، ارشد وارثی اور خود انہیں دو مختلف جنریشنز کی محبت کے انداز اور ایکسپریشن کا اظہار کرتے دکھایا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ، ’آپ مجھے اور ارشد کو” ڈیڑھ عشقیہ“ کا بدتمیز بھی کہہ سکتے ہیں‘۔

اپنے ساتھی اداکاروں کے بارے میں باتیں کرتے ہوئے ہما نے’انڈیا ٹائمز‘ کو بتایا، ’مادھوری بہت اچھی ہیں، غصہ بھی آئے تو مسکراتی رہتی ہیں۔ نصیر صاحب بہت سمجھدار اور ذہین ہیں۔ ان کا مزاح انگریزوں والا ہے اور ارشد، وہ تو پاگل ہے۔ اس سے آپ سنجیدہ گفتگو تو کرہی نہیں سکتے۔ وہ بہت اچھا انسان ہے‘۔

اپنی پسند ناپسند کے بارے میں ہُما نے کہا کہ وہ مصالحہ اور کامیڈی فلمیں پسند کرتی ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ کاش انہیں بھی شاہ رخ کے ساتھ فلم کرنے کا موقع ملے۔ اس موقع کو وہ اپنے کیرئیر کا یادگار لمحہ قرار دیں گی۔
XS
SM
MD
LG