رسائی کے لنکس

امریکہ: وسط مدتی انتخابات میں جیت کسی کی ہو، یوکرین کی امداد جاری رہے گی


الیکشن 2022 پنسلوانیا۔ فائل فوٹو
الیکشن 2022 پنسلوانیا۔ فائل فوٹو

امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں منگل کو ووٹ ڈالے جانے کے بعد ابھی حتمی نتائج آنا باقی ہیں اس لیے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ڈیمو کریٹک یا ریپبلکن پارٹی میں سے کون ایوانِ نمائندگان یا سینیٹ کا کنٹرول حاصل کر پائے گا۔ تاہم ایک بات جس کا عزم دونوں پارٹیوں کے قانون ساز ظاہر کر رہے ہیں وہ یہ ہے کہ یو کرین کی، جو نو ماہ سے روسی حملے کا دفاع کر رہا ہے، مالی اور اسلحہ کی امداد جاری رکھی جائے گی۔

امریکی ریاست ورجینیا کے سینیٹر مارک وارنر سینیٹ میں انٹیلی جنس کمیٹی کے چئیر مین ہیں۔ انہوں نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنوری میں جب نئی کانگریس اپنے فرائض سنبھالے گی تو اس سے قطع نظر کہ نئی ووٹنگ کے نتائج کیا رہے ہوں، ڈیمو کریٹس اور ریپبلکنز دونوں کیف حکومت کی حمایت جاری رکھیں گے۔

وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکنز ایوانِ نمائندگان میں اکثریت حاصل کرنے کے قریب دکھائی دیتے ہیں البتہ سینیٹ میں اکثریت کا معاملہ زیادہ غیر یقینی ہوتا جا رہا ہے۔

دو دیگر سینیٹر، ڈیلاوئیر کے ڈیمو کریٹک کرس کونز اور اوہائیو کے ریپبلکن راب پورٹ مین حال ہی میں یوکرین کے دورے سے واپس آئے ہیں جہاں انہوں نے حکومتی عہدیداروں کو دونوں پارٹیوں کی جانب سے حمایت کی یقین دہانی کروائی۔

جہاں تک اراکینِ کانگریس کا تعلق ہے، ریپبلکن رکنِ کانگریس ایڈم کنزنگر اور وکٹوریا سپارٹز اور ڈیموکریٹک اراکینِ کانگریس اینڈی لیون اور ڈیوڈ پرائس نے الگ الگ انٹرویوز میں وائس آف امریکہ کو بتایا کہ وہ یو کرین کی امداد جاری رہنے کی توقع کر رہے ہیں۔

فروری میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے، ڈیمو کریٹک صدر جو بائیڈن نے کانگریس کے جائزے کے بغیر یوکرین کو اسلحہ اور انسانی ہمدردی کے طور پر، تقریباً 20 ارب ڈالر کی امداد روانہ کی ہے۔

لیکن اگر ریپبلکن ایوانِ نمائندگان کا کنٹرول حاصل کر لیتے ہیں تو جیسا کہ ریپبلکن رکنِ کانگریس، کیون میکارتھی نے جو ایوان کے نئے سپیکر ہو سکتے ہیں، سی این این کو ایک انٹرویو میں کہا کہ ان کی پارٹی کے قانون ساز یو کرین کے لیے امداد کی نئی درخواستوں کی محض معمول کے مطابق منظوری نہیں دیں گے۔ ان کی پارٹی کے قدامت پسند قانون سازوں میں سے بیشتریہ امداد روک دینے کے لیے کہتے رہے ہیں اور ہو سکتا ہے کہ اس سے یوکرین پر مزید خرچ کرنے کی درخواستوں پرتند بحث چھیڑ جائے۔

امریکی وسط مدتی انتخابات، ڈیموکریٹ کی کارکردگی توقع سے بہتر رہی؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:04:46 0:00

کیف میں موجود تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یوکرین کے لیے اس بات کی اہمیت نہیں کہ امریکی کانگریس پر کس پارٹی کا کنٹرول ہے۔ وہ صرف چاہتا ہے کہ امداد کا سلسلہ جاری رہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ماسکو میں عہدیداروں کو توقع نہیں کہ ریپبلکنز کے کانگریس کے کسی بھی چیمبر، ایوانِ نمائندگان یا سینٹ پر کنٹرول حاصل کرنے کی صورت میں یو کرین کو امریکی امداد کی فراہمی میں کوئی کمی آئے گی۔

XS
SM
MD
LG