بلوچستان کے شورش زدہ علاقے ضلع ڈیرہ بگٹی میں اتوار کو بارودی سرنگ پھٹنے سے چار مزدور زخمی ہو گئے جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔
ڈیرہ بگٹی لیویز فورس کے ایک اہل کار نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ یہ دھماکہ پیر کوہ کے علاقے میں اس وقت ہوا جب ریت سے بھری ہوئی ایک ٹریکٹر ٹرالی وہاں سے گزر رہی تھی جس پر مزدور سوار تھے۔
لیویز حکام کے مطابق دھماکے سے ڈرائیور سمیت چار مزدور زخمی ہو گئے جنہیں سول اسپتال ڈیرہ بگٹی منتقل کر دیا گیا۔
ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں بلوچ عسکریت پسندوں کی موجودگی کے باعث طویل عرصے سے سیکیورٹی کے حالات خراب چلے آ رہے ہیں اور آئے روز سیکیورٹی فورسز کے اہل کار اور عام شہری دھماکوں کا نشانہ بنتے رہتے ہیں۔
گزشتہ برسوں کے دوران کوئٹہ میں ڈیرہ بگٹی سے تعلق رکھنے والے ان افراد کی بڑی تعداد احتجاجی مظاہرے بھی کرتی رہی ہے جو بارودی سرنگوں کا نشانہ بن کر معذور ہو چکے ہیں۔
لوگ حکومت سے یہ مطالبہ کرتے رہے ہیں کہ علاقے میں بچھی ہوئی بارودی سرنگوں کو صاف کیا جائے۔
لیویز فورس حکام کے مطابق زخمی ہونے والے افراد کے میں محمد دین، مزار خان، صوبانی کمال اور لشکر شامل ہیں۔
لیویز کے مطابق زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق پیرکوہ کے نواحی علاقے ڈل سے ہے۔