رسائی کے لنکس

امریکہ: شرح سود میں اضافے کے اعلان سے قبل اسٹاک مارکیٹ میں مندی


امریکہ میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی کوششوں کے لیے فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں بڑے اضافے کے عندیے کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو مندی دیکھی گئی ہے۔

سرمایہ کار افراطِ زر اور بلند شرح سود سے متعلق خدشات کا شکار ہیں جس کے باعث وال اسٹریٹ ایک مرتبہ پھر مندی کی لپیٹ میں ہے۔

سرمایہ کاروں کی نظریں بدھ کو ہونے والے فیڈرل ریزرو کے اعلان پر لگی ہوئی ہیں کہ ریزرو شرح سود میں کتنا اضافہ کرے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت وال اسٹریٹ پر بیئر مارکیٹ یعنی مندی کی صورتِ حال ہے اور مارکیٹ پوائنٹس میں 20 فی صد کمی کا سامنا کر رہی ہے کیوں کہ افراطِ زر اور بلند شرح سود سے متعلق خدشات نے سرمایہ کاروں کو اپنے زیرِ اثر لیا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ بیئر مارکیٹ ایک اصطلاح ہے جو وال اسٹریٹ اس وقت استعمال کرتی ہے جب اسٹاک انڈیکس میں موجود مستحکم پوائنٹس میں 20 فی صد کمی آتی ہے۔

منگل کو اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ رہا اور کچھ بڑی کمپنیوں نے مضبوط منافع اور شیئر ہولڈرز کو ادائیگیوں کے ساتھ مالی مضبوطی کو بڑھایا۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق ایس اینڈ پی (S&P) 500 میں 21.8 فی صد کمی ہوئی جس کے ساتھ یہ اسٹاک گر کر 3 ہزار 735 اعشاریہ چار آٹھ پر آگیا۔ اسی طرح ڈاؤ جونز انڈسٹریل میں 0.5 فی صد کمی آئی جس سے یہ 30 ہزار 364 اعشاریہ پر آگیا۔ البتہ نیس ڈیک کمپوزٹ میں 0.2 فی صد اضافہ رہا اور یہ 10 ہزار 828 اعشاریہ تین پانچ پر آگیا۔

خیال رہے کہ امریکہ ان دنوں شدید مہنگائی کی لپیٹ میں ہے۔ ایسے میں یوکرین جنگ اور چین کی معیشت میں سست روی نے سرمایہ کاروں کو مجبور کردیا ہے کہ وہ زیادہ منافع کمانے والی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی اپنی خواہش پر نظر ثانی کریں۔

اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔
XS
SM
MD
LG