سربیا کے نوواک جوکووچ نے مسلسل تیسرا اور مجموعی طور پر چھٹا ومبلڈن ٹائٹل اپنے نام کرکے ریکارڈ بکس میں جگہ بنالی۔ اس ٹائٹل کے ساتھ ہی انہوں نے کریئر کا 20 واں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت کر راجر فیڈرر اور رافیل نڈال کا ریکارڈ برابر کردیا۔
نوواک جوکووچ نے رواں سال اب تک کھیلے گئے تینوں گرینڈ سلیم اپنے نام کیے ہیں، وہ اس سال فروری میں ہونے والے آسٹریلین اوپن اور مئی، جون میں کھیلے گئے فرنچ اوپن جیتنے میں تو کامیاب ہوئے ہی تھے لیکن ومبلڈن جیت کر انہوں نے گرینڈ سلیم کی ہیٹ ٹرک کرلی ہے۔
اتوار کو کھیلے جانے والا میچ تین گھنٹے اور چوبیس منٹ تک جاری رہا۔ میچ کا اختتام 34 سالہ جوکووچ کی جیت پر ہوا، انہوں نے اطالوی کھلاڑی میٹیو بریٹینی کو شکست دے کر یہ مقابلہ سات چھ، چھ چار، چھ چار اور چھ تین سے اپنے نام کیا۔
اگر جوکووچ رواں سال ہونے والے ٹوکیو اولمپکس اور اس کے بعد یو ایس اوپن جیتنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ ایک ہی سال میں 'گولڈن گرینڈ سلیم' جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے۔
سال 2021 جوکووچ کے لیے یادگار بننے لگا
اگر نوواک جوکووچ ٹوکیو اولمپکس میں گولڈ میڈل نہ جیت سکے تو وہ امریکن اوپن جیت کر ایک ہی وقت میں چار گرینڈ سلیم اپنے نام کرسکتے ہیں۔ جس کے ساتھ ہی وہ امریکہ کے ڈون بج اور آسٹریلیا کے روڈ لیور کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے تیسرے کھلاڑی بن جائیں گے۔
ان کا یہ کارنامہ اس لیے بھی سب سے منفرد ہو گا کیوں کہ ٹینس کے اوپن ایرا میں وہ تین الگ الگ سطحوں پر یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے کھلاڑی ہوں گے، ڈون بج اور روڈ لیور کے زمانے میں یو ایس اوپن اور آسٹریلین اوپن دونوں ہی گھاس پر کھیلے جاتے تھے۔
فائنل میں کس کا پلڑا بھاری رہا؟
اتوار کو کھیلا گیا فائنل کئی حوالوں سے اہم تھا، پہلا یہ کہ ومبلڈن ایونٹ کا انعقاد کرونا کی وجہ سے ایک سال بعد ہورہا تھا، دوسرا یہ کہ فائنل میں پہنچنے والا اطالوی کھلاڑی میٹیو بریٹینی پہلی مرتبہ ایونٹ میں شرکت کر رہا تھا۔
میچ میں جوکوچ نے پہلے سیٹ میں تین کے مقابلے میں پانچ گیمز کی برتری حاصل کرلی تھی لیکن اطالوی کھلاڑی نے کم بیک کیا اور چھ چھ سے سیٹ برابر کیا، جس کے بعد ٹائی بریک جیت کر جوکوچ کے خلاف ایک سیٹ کی برتری حاصل کرلی۔
البتہ عالمی نمبر ایک اپنا تمام تجربہ بروئے کار لائے اور انہوں نے حریف کو پلٹ کر چھپٹنے کا موقع فراہم نہیں کیا۔
اگر میٹیو بریٹینی فائنل جیتنے میں کامیاب ہو جاتے تو 1976 میں ایڈریانو پناٹا کے بعد کوئی بھی گرینڈ سلیم جیتنے والے پہلے اطالوی، اپنے پہلے ہی گرینڈ سلیم ایونٹ کو جیتنے والے پہلے کھلاڑی اور ومبلڈن فتح کرنے والے اٹلی سے تعلق رکھنے والے پہلے ٹینس کھلاڑی بن جاتے۔
جوکووچ نے میچ کے دوران بریٹینی کی 16 ایسز کے جواب میں صرف 5 ایسز ماریں، ڈبل فالٹ بھی زیادہ کیے، لیکن ان کا فرسٹ سرو اور بریک پوائنٹ جیتنے کا تناسب اطالوی حریف سے بہتر رہا۔
بریٹینی کے 48 انفورسڈ ایررز ان کی کامیابی کی راہ میں حائل ہوئے، کیوں کہ جوکووچ نے صرف 21 مرتبہ غلطی کی، جب کہ سرب کھلاڑی کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد بھی زیادہ رہی۔
جووکوچ نے فائنل میں کون کون سے ریکارڈ بنائے؟
اس کامیابی کے ساتھ ہی انہوں نے مینز ایونٹ میں سب سے زیادہ گرینڈ سلیم ایونٹ جیتنے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا، اب اسپین کے رافیال نڈال، اور سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کے ساتھ ساتھ نوواک جوکووچ بھی 20 گرینڈ سلیم ایونٹ جیت چکے ہیں۔
اس فائنل میں قدم رکھتے ہی جوکووچ نے تیسواں گرینڈ سلیم فائنل کھیلا، ان سے زیادہ گرینڈ سلیم فائنل کھیلنے کا اعزاز راجر فیڈرر کو حاصل ہے جو 31 مرتبہ گرینڈ فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
رواں سال ومبلڈن کے کوارٹر فائنل میں فیڈرر اسی اطالوی کھلاڑی سے ہارے،جسے جوکووچ نے فائنل میں شکست دی۔
یہ نوواک جوکووچ کا مسلسل تیسرا ومبلڈن ٹائٹل تھا، جس کے بعد وہ اوپن ایرا میں مسلسل تین سے زیادہ مرتبہ ومبلڈن جیتنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔ مسلسل پانچ ومبلڈن ٹائٹل کا ریکارڈ اب بھی سوئیڈن کے بیون بورگ اور سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کے پاس ہے۔ بیون بورگ نے (1976 سے 1980)، اور راجر فیڈرر (2003 سے 2007 ) کے درمیان یہ ریکارڈ حاصل کیا۔
امریکہ کے پیٹ سیمپراس نے پہلے 1993 سے 1995 تک اور پھر 1997 سے 2000 کے درمیان تین اور چار مسلسل ومبلڈن جیت کر نوے کی دہائی کو اپنے نام کرلیا تھا۔
واضح رہے کہ مجموعی طور پر سربین کھلاڑی کا یہ چھٹا ومبلڈن ٹائٹل ہے۔ اب تک سب سے زیادہ ومبلڈن کا ریکارڈ راجر فیڈرر کے پاس ہے جو آٹھ مرتبہ اس کے فاتح رہے ہیں۔
دوسرے نمبر پر امریکی پیٹ سیمپراس موجود ہیں جنہوں نے 1993 سے 2000 کے درمیان سات بار ومبلڈن کی ٹرافی اپنے نام کی۔
ٹینس کی تاریخ میں سب سے زیادہ گرینڈ سلیم جیتنے کا ریکارڈ اب بھی آسٹریلیا کی مارگریٹ کورٹ کے پاس ہے جنہوں نے مجموعی طور پر 1960 سے 1975 کے درمیان 24 گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کیے، جس میں ویمنز سنگلز، ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز کے ٹائٹل شامل ہیں۔
اوپن ایرا میں امریکہ کی سرینا ولیمز 23، اور جرمنی کی اسٹیفی گراف 22 گرینڈ سلیم ٹائٹلز کے ساتھ اب بھی جوکووچ، نڈال اور فیڈرر سے آگے ہیں۔