شام کے سرگرم کارکنوں نے کہا ہے کہ شام کے شمال مغرب میں فضائی حملے ہوئے جس میں مخالفین کے کنٹرول والے دو قصبہ جات کو ہدف بنایا گیا، جس میں 44 شہری ہلاک ہوئے۔
’سیرئن آبزرویٹری فور ہیومن رائٹس‘ نے بتایا ہے کہ منگل کے روز مرعت النعمان کے قصبے میں واقع سبزی منڈی پر بم باری کی گئی،جس میں تقریباً 40 افراد ہلاک ہوئے۔
اس غیر وابستہ گروپ کا کہنا ہے کہ صوبہٴ ادلب میں قریبی قصبے، کفرانبل کو بھی نشابہ بنایا گیا، جس میں کم از کم چار افراد ہوئے۔ دونوں علاقوں کو مخالفین کے حامیوں کے گڑھ خیال کیا جاتا ہے۔
اس سے ایک ہی روز قبل، پیر کو صوبہٴ لتاکیہ کے ساحلی علاقے پر بم برسائے گئے، جو کہ صدر بشار الاسد کے اقلیتی، علوی فرقے کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، جو شیعہ مسلک سے تعلق رکھتے ہیں۔
باغیوں کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کے سمجھوتے کی خلاف ورزی کا جواب تھا، جو فروری میں کیا گیا تھا۔