رسائی کے لنکس

'پاکستان میں کرونا وائرس کا کوئی کیس نہیں ہے'


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کا کوئی کیس نہیں۔ سات مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کے بعد کرونا وائرس نیگیٹو رزلٹ آیا ہے جو خوش آئند ہے۔

اسلام آباد میں چینی سفیر کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان اور چین کا فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا ہے۔ چین سے آنے والے مسافروں میں بھی کرونا وائرس سے متاثرہ کوئی مشتبہ شخص شامل نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہکرونا وائرس کی تشخیص کے لیے کٹس مل گئی ہیں۔ کٹس سے سات افراد کا معائنہ کیا گیا جب کہ ساتوں افراد میں وائرس تشخیص نہیں ہوا۔

'چین میں پاکستانیوں کو ہم وطن سمجھتے ہیں'

اس موقع پر چینی سفیر یاؤجنگ کا کہنا تھا کہ چین میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد ہے۔ یہ تمام مشکلات وقتی ہیں۔ تمام پاکستانیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ چین میں پاکستانی شہریوں کو اپنا ہم وطن سمجھتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج 12 چینی باشندے بھی پاکستان آئے ہیں۔ سفر کے لیے دو ہفتے معائنے میں رکھا جاتا ہے۔ پاکستان آنے والے 12 چینی باشندوں میں چار کاروباری شخصیات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سخت نگرانی کے بعد ان افراد کو پاکستان آنے کی اجازت دی گئی ہے۔ چین نے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے اقدامات کیے۔

چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چین میں صورت حال سنگین ہے۔ 361 افراد اب تک ہلاک چکے ہیں۔ ہم ہر حکمت عملی کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔ ہمیں یقین ہے ہم اس چیلنج کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

چین سے نکلنے کے لیے دو ہفتے کی مانیٹرنگ لازمی

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کوئی بھی چینی یا پاکستانی 14 دن کے مانیٹرنگ پیریڈ کے بغیر چین نہیں چھوڑ سکتا۔

ان کے بقول اس قدم کی وجہ سے ہمارے بچے محفوظ ہوگئے ہیں۔چین میں متاثرہ چار پاکستانی شہریوں کی صحت پہلے سے بہتر ہے۔

فضائی آپریشن بحال

پاکستان اور چین کے درمیان فضائی آپریشن بحال ہونے کے بعد پہلی دو پروازوں کے ذریعے 130 شہری پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

ان مسافروں کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خصوصی کاؤنٹرز بنائے گئے تھے اور تمام افراد کو تھرمل اسکینر سے چیک کرنے کے بعد جانے کی اجازت دی گئی جب کہ تمام مسافروں سے ہیلتھ ڈیکلریشن فارمز بھی بھروائے گئے۔

معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا خود ائیرپورٹ پر موجود تھے۔

ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق چین کے لیے فضائی آپریشن بحال ہونے کے بعد دو پروازیں اسلام آباد پہنچ گئی ہیں۔

ان میں ارومچی سے سدرن چائنہ ایئر کی پرواز اسلام آباد پہنچی۔ جس میں 94 مسافر سوار تھے۔اس کے علاوہ ایک اسپیشل فلائٹ بھی چین سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی جس میں 61 مسافر سوار تھے۔

XS
SM
MD
LG