رسائی کے لنکس

ایران کا گولہ بارود کے کارخانے پر ڈرون حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ


اصفہان کا گولہ بارود کا کارخانہ
اصفہان کا گولہ بارود کا کارخانہ

ایران کے شہر اصفہان میں فوج کے گولہ بارود کے ایک کارخانے پر مبینہ ڈرون حملہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ اس ڈرون حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔

ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ کا وزارتِ دفاع کے حوالے سے کہنا ہے کہ ایران کے مرکزی شہر اصفہان میں ایک دھماکے کی آواز سنائی دی جو دراصل گولہ بارود کی فیکٹری پر ناکام ڈرون حملے کے سبب ہوئی۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی 'ارنا' نے وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان شائع کیا ہے جس کے مطابق ایران پر کیے جانے والا ڈرون حملہ فضائی دفاع کے نظام کی زد میں آگیا تھا۔ وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ دو ڈرون دفاعی جال میں پھنس کر تباہ ہوئے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ایران کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ حملوں کی ناکامی کی وجہ سے کوئی نقصان نہیں ہوا جب کہ ایک مقام پر چھت معمولی متاثر ہوئی۔

قبل ازیں ایران کے ذرائع ابلاغ میں اصفہان میں فوجی تنصیب کے قریب دھماکے کی خبریں نشر ہو رہی تھیں۔ یہ فوجی تنصیب گولہ بارود بنانے کا کارخانہ ہے۔ دھماکے کے بعد اس مقام پر دھواں اور روشنی دیکھی گئی تھی۔ پلانٹ کے باہر فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں اور ایمبولینس بھی موجود تھیں۔

گزشتہ برس جولائی میں ایران نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے کرد عسکریت پسندوں کی ایک ٹیم کو حراست میں لیا ہے جو کہ اسرائیل کے لیے کام کر رہی تھی۔ یہ ٹیم اصفہان میں دفاعی انڈسٹری کے سینٹر کو تباہ کرنا چاہتی تھی۔

اتوار کو جاری کیے گئے وزارتِ دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں سے ان کی تنصیبات یا مشن متاثر نہیں ہو گا، جب کہ حملوں سے ان کے ملک کی ترقی پر بھی کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

ماضی میں بھی ایران کے فوجی، جوہری اور صنعتی مقامات پر دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔

سال 2021 میں ایران نے اسرائیل پر جوہری املاک پر حملوں کی سازش کا الزام لگایا تھا اور بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

اہم تنصیبات پر ہونے والے دھماکوں کی وجہ سے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG