رسائی کے لنکس

ڈنکن ڈونٹس کے 800 ریسٹورنٹس کی مستقل بندش


ڈونٹس کے لیے مشہور کمپنی ڈونکن امریکہ میں اپنے 800 ریسٹورنٹس مستقل طور پر بند کررہی ہے، جو اس کے کل ریسٹورنٹس کا 8 فیصد ہیں۔

کمپنی نے اس فیصلے کا اعلان سال کی دوسری سہہ ماہی کی آمدنی میں تبدیلی کے بعد کیا ہے۔ ڈنکن کا کہنا ہے کہ اس بندش سے وہ مقامات متاثر ہوں گے جہاں فروخت کم ہورہی تھی اور 2019 کی سیلز میں ان کا حصہ صرف 2 فیصد تھا۔

ان ریسٹورنٹس کو سال کے آخر تک بند کیا جائے گا اور ان میں سے نصف سے زیادہ اسپیڈوے اسٹورز میں قائم ہیں۔ ڈنکن کا کہنا ہے کہ امریکہ سے باہر بھی تقریباً ساڑھے تین سو ریسٹورنٹس بند کیے جاسکتے ہیں۔

اسی ہفتے میکڈونلڈز نے بھی کہا تھا کہ وہ کم سیلز والے 200 ریسٹورنٹس بند کررہی ہے جن میں سے نصف وال مارٹ کے اسٹورز میں قائم ہیں۔

انٹرنیٹ پر چھوٹے کاروباروں کی معلومات فراہم کرنے والی کمپنی 'یلپ' کے مطابق کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد امریکہ میں اب تک مجموعی طور پر 24 ہزار ریسٹورنٹس بند ہوچکے، ہیں جن میں سے نصف کے دوبارہ کھلنے کا امکان نہیں ہے۔

یلپ کا کہنا ہے کہ یہ تعداد محض ایک تخمینہ ہے، کیونکہ اس میں صرف ان کاروباروں کو شمار کیا گیا ہے جن کے مالکان نے انٹرنیٹ پر بندش کی اطلاع دی ہے۔

پہلی نظر میں یہ تعداد دوسرے اندازوں کے مقابلے میں نہایت کم معلوم ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر انڈی پینڈنٹ ریسٹورنٹ کوآلیشن نے اس ماہ ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ اگر حکومت نے امداد فراہم نہ کی تو 85 فیصد ریسٹورنٹس سال کے آخر تک بند ہوسکتے ہیں۔ ان میں فوڈ چینز کے ریسٹورنٹس کا ذکر نہیں تھا پھر بھی یہ تعداد سوا چار لاکھ بنتی ہے۔

ریسٹورنٹس وبا سے شدید متاثر ہونے والے شعبوں میں شامل ہیں کیونکہ حکام نے انھیں کئی ماہ سے صرف ٹیک اوے اور ڈلیوری تک محدود کیا ہوا ہے۔ یلپ کا خیال ہے کہ یکم مارچ سے 15 جون کے درمیان بند ہونے والے ایک لاکھ 40 ہزار کاروباروں کا 17 فیصد یعنی چھٹا حصہ ریسٹورنٹس پر مشتمل ہے۔

XS
SM
MD
LG