رسائی کے لنکس

افغانستان: ڈچ امدادی کارکن اغوا


افغانستان: ڈچ امدادی کارکن اغوا
افغانستان: ڈچ امدادی کارکن اغوا

افغان عہدے داروں نے کہا ہے کہ شمالی افغانستان میں ایک امدادی ڈچ کارکن کو اغوا کرلیا گیا ہے۔

گورنر کے ترجمان فیض محمد نے بتایا کہ مسلح افراد نے امدادی کارکن اور ان کے ڈرائیور کو پیر کے روز اس وقت یرغمال بنایا جب وہ اپنی گاڑی میں صوبہ تخار سے صوبہ قندوز جارہے تھے۔

ترجمان نے کہا کہ وہ دونوں معذور افراد کی مدد کرنے والی ایک تنظیم کے لیے کام کرتے تھے۔

ڈچ عہدے داروں نے اغوا کی تصدیق کی ہے مگر اس بارے میں بہت کم تفصیلات جاری کی ہیں۔وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ کابل میں ڈچ سفارت خانہ اس مسئلے کے مثبت حل کے لیے افغان حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

افغانستان امدادی کارکنوں کے لیے ایک خطرناک مقام بنتا جارہاہے۔ اگست میں شمالی صوبے بدخشاں میں ایک کرسچن میڈیکل ٹیم کے دس ارکان کو ہلاک کردیاتھا۔ اور اس مہینے کے شروع میں ایک امدادی تنظیم سے تعلق رکھنے والی ایک برطانوی خاتون جسے مشرقی افغانستان میں عسکریت پسندوں نے اغوا کیا تھا، اپنی رہائی کے لیے کی جانے والی کوشش کے دوران ہلاک ہوگئی تھیں۔

پیر ہی کے روز نیٹو نے کہا کہ جنوبی افغانستان میں ایک فوجی کارروائی اور ہوائی حملے کے نتیجے میں 15 شورش پسند ہلاک ہوگئے۔

اتحادیوں کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں کی یہ ہلاکتیں صوبہ ہلمند کے ضلع بلگرام میں ایک سینیئر طالبان لیڈر کے خلاف افغان اور نیٹو فورسز کی رات بھر جاری رہنے والی کارروائی کے دوران ہوئیں۔

XS
SM
MD
LG