امریکہ کی شمال مغربی ریاست الاسکا میں شدید زلزلہ آیا ہے جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 1ء7 ریکارڈ کی گئی۔
امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق اتوار کی صبح آنے والے زلزلے کا مرکز الاسکا کے سب سے بڑے شہر اینکریج سے 260 کلومیٹر جنوب مغرب میں 127 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
زلزلے کے جھٹکے انتہائی شدید تھے جس کے باعث اینکریج کے رہائشی خوف کے باعث عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ رہائشیوں کے مطابق زلزلے کے جھٹکے لگ بھگ نصف منٹ تک جاری رہے۔
تاحال زلزلے کے باعث طویل و عریض ریاست کے کسی بھی حصے سے کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
امریکہ کے محکمۂ موسمیات 'نیشنل ویدر سروس' نے کہا ہے کہ زلزلے کا مرکز انتہائی گہرائی میں ہونے کے باعث کسی سونامی کا خطرہ نہیں۔
کینیڈا سے متصل الاسکا رقبے کے اعتبار سے امریکہ کی سب سے بڑی ریاست ہے جو امریکی سرزمین سے کٹی ہوئی ہے۔
گھنے جنگلات، پہاڑوں اور متنوع جغرافیائی خصوصیات کی حامل اس ریاست کی آبادی بہت کم ہے جہاں بستیاں اور دیہات خاصے دور دور آباد ہیں۔