رسائی کے لنکس

حفیظ پر انگلش کرکٹ بورڈ کے زیرِ اہتمام ایونٹس میں بالنگ کرانے پر پابندی


ای سی بی کے مطابق محمد حفیظ کو اپنا بالنگ ایکشن درست کرنے تک بالنگ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ (فائل فوٹو)
ای سی بی کے مطابق محمد حفیظ کو اپنا بالنگ ایکشن درست کرنے تک بالنگ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ (فائل فوٹو)

انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستانی اسپنر محمد حفیظ کا بالنگ ایکشن غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔ اُن کا بالنگ ایکشن انگلینڈ میں کھیلی جانے والے کاؤنٹی میچ کے دوران رپورٹ ہوا تھا۔

نئی پابندی کے بعد محمد حفیظ انگلینڈ کے کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے زیرِ اہتمام منعقدہ ٹورنامنٹس میں بالنگ کرانے کے اہل نہیں ہوں گے۔

محمد حفیظ پر ای سی بی کی پابندی کے فیصلے کا اطلاق آئی سی سی کے زیرِ اہتمام ایونٹس پر نہیں ہوگا۔

نواسی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سمیت 274 ایک روزہ میچز کھیلنے کا تجربہ رکھنے والے پاکستانی کرکٹر محمد حفیظ کے بالنگ ایکشن پر ماضی میں بھی متعدد مرتبہ اعتراض اٹھتے رہے ہیں۔

تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) 2018 میں ان کے بالنگ ایکشن کو کلیئر قرار دے چکا ہے۔

حفیظ کا بالنگ ایکشن رواں سال 30 اگست کو انگلینڈ میں ہونے والے وائٹلٹی بلاسٹ ٹی ٹوئنٹی میں مڈل سکس اور سمر سیٹ کے درمیان میچ کے بعد رپورٹ کیا گیا تھا۔

محمد حفیظ کا بالنگ ایکشن اس سے قبل بھی مشکوک قرار دیا جاتا رہا ہے۔ (فائل فوٹو)
محمد حفیظ کا بالنگ ایکشن اس سے قبل بھی مشکوک قرار دیا جاتا رہا ہے۔ (فائل فوٹو)

کاؤنٹی سیزن میں مڈل سکس کی نمائندگی کرنے والے محمد حفیظ کے بالنگ ایکشن کا تجزیہ لافبرو کی بائیو میکانکس لیب میں کیا گیا جس میں محمد حفیظ کی کہنی کا خم 15 ڈگری سے زیادہ نوٹ کیا گیا۔

ای سی بی کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ کو اپنا بالنگ ایکشن درست کرنے تک بالنگ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

انگلش کرکٹ بورڈ نے محمد حفیظ پر پابندی کا فیصلہ بالنگ ریویو گروپ کی اپیل سننے کے بعد کیا ہے۔

ای سی بی کی جانب سے عائد کی گئی پابندی کو تسلیم کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا ہے بالنگ ایکشن کے تجزیے میں خامیوں کی نشاندہی اور بالنگ ری ویو گروپ کی جانب سے اس پر اتفاق کے نتیجے میں عائد کی جانے والی پابندی کو وہ تسلیم کرتے ہیں اور اس پر عمل کریں گے۔

محمد حفیظ نے اپنے ایک بیان میـں کہا ہے کہ ای سی بی کے قواعد و ضوابط کے مطابق وہ آئی سی سی سے تسلیم شدہ کسی بھی سینٹر میں اپنے بالنگ ایکشن کا تجزیہ کرانے کے لیے تیار ہیں تاکہ اس کی کلیئرنگ کے بعد وہ ای سی بی کے زیرِ انتظام ہونے والے ایونٹس میں بالنگ کراسکیں۔

یاد رہے کہ حفیظ کا ایکشن نومبر 2014 میں پہلی مرتبہ مشکوک قرار دیا گیا تھا جس میں بہتری اور ٹیسٹ کے بعد اپریل 2015 میں اُنہیں دوبارہ بالنگ کی اجازت ملی تھی۔

بعد ازاں جولائی 2015 میں ایک مرتبہ پر انہیں اسی قسم کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔ بعدازاں نومبر 2016 میں حفیظ کو ایک مرتبہ پھر بالنگ کی اجازت دی گئی۔

اکتوبر 2017 میں تیسری مرتبہ ان کے ایکشن پر اعتراض اٹھا اور نومبر 2017 میں ان پر پابندی لگی جو مئی 2018 کو ختم ہوئی تھی۔

XS
SM
MD
LG