الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے عام انتخابات آئندہ برس جنوری میں کرانے کا اعلان کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کرائے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن 27 ستمبر کو حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست جاری کرے گا۔
ای سی پی کے مطابق حلقہ بندیوں پر اعتراضات اور تجاویز کی سماعت کے بعد 30 نومبر کو حتمی فہرست جاری کردی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حتمی فہرستوں کے اجرا کے بعد 54 دن کے الیکشن پروگرام کے تحت جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کرا دیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں نو اگست 2023 کو قومی اسمبلی تحلیل کر دی گئی تھی جس کے بعد آئین کے مطابق 90 روز یعنی رواں برس نومبر میں انتخابات ہونے تھے۔
البتہ الیکشن کمیشن کا مؤقف تھا کہ انتخابات سے قبل نئی مردم شماری کے نتائج کے مطابق حلقہ بندیاں لازم ہیں جس کے لیے وقت درکار ہوگا لہذا عام انتخابات کا انعقاد 90 روز میں ممکن نہیں۔
سیاسی جماعتوں کا ردِعمل
وائس آف امریکہ کے نمائندے علی فرقان کے مطابق الیکشن کمیشن کے اس اعلان پر ملک کی سیاسی جماعتوں نے ملے جلے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک میں سیاسی بے یقینی کا خاتمہ ہو گا۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کا کہنا ہے 90 دن سے آگے کی انتخابات کی تاریخ آئین سے انحراف ہے جو انہیں قبول نہیں ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اس اعلان سے سیاسی بے یقینی ختم کرنے میں مدد ملے گی اور کچھ حلقے جو انتخابات کے حوالے سے ابہام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے تھے انہیں ناکامی ہوئی ہے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان رؤف حسن نے کہا کہ صدر عارف علوی نے انتخابات کی تاریخ کے معاملے پر سپریم کورٹ کو پہلے سے خط لکھ رکھا ہے.
اُن کے بقول یہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے لہذا جب تک اعلی عدالت اس بارے کوئی فیصلہ صادر نہیں کرتی پی ٹی آئی اس پر کوئی حتمی بات نہیں کرنا چاہتی ہے۔
رؤف حسن کا کہنا تھا کہ انتخابات کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں تمام سیاسی جماعتوں کو ساز گار ماحول مہیا کیا جائے جو کہ ان کے بقول پی ٹی آئی کے علاوہ تمام جماعتوں کو دستیاب ہے۔
پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما ندیم افضل چن کہتے ہیں کہ بلاول بھٹو نے پہلے ہی سے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کر رکھا تھا کہ الیکشن کی تاریخ دی جائے۔
وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ انتخابات کے اعلان سے ملک میں سیاسی استحکام آئے گا۔
پاکستان میں ووٹرز کی تعداد
الیکشن کمیشن نے حال ہی میں پاکستان میں ووٹرز کی تعداد کے بارے میں بھی اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔
ان اعداد و شمار کے مطابق پانچ سال میں ووٹرز کی تعداد میں دو کروڑ 10 لاکھ کا اضافہ ہوا۔ سال 2018 میں پاکستان میں 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار ووٹرز تھے جو 2023 میں 12 کروڑ 69 لاکھ 80 ہزار ہوگئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ان ووٹرز میں سے لگ بھگ ساڑھے آٹھ کروڑ 18 سے 45 سال کے افراد ہیں جب کہ باقی ووٹرز 46 سال سے زائد عمر کے ہیں۔
ای سی پی کے مطابق پاکستان میں مجموعی ووٹرز میں سے چھ کروڑ 85 لاکھ آٹھ ہزار مرد جب کہ پانچ کروڑ 84 لاکھ 72 ہزار خواتین ووٹرز ہیں۔
فورم