الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بین الاقومی مبصرین اور بین الاقومی میڈیا کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے، جبکہ آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے والے فوجی اہلکاروں کی ٹریننگ بھی شروع کردی گئی ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ انتخابی عمل میں حصہ لینے والے فوجی اہلکاروں کو باقاعدہ ٹریننگ دی جا رہی ہے۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ بین الاقومی مبصرین اور بین الاقومی میڈیا کے لیے 16 شقوں پر مشتمل ضابطہٴ اخلاق جاری کر دیا گیا ہے جس کی خلاف ورزی پر بین الاقومی مبصر مشن کی اکریڈیٹیشن منسوخ کی جاسکتی ہے۔
ضابطہٴ اخلاق کے مطابق، بین الاقومی مبصرین اور میڈیا کو حلف نامہ بھی جمع کرانا ہوگا۔ حلف نامے کے مطابق، بین الاقومی مبصرین ملکی قوانین کی پاسداری کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق، غیرملکی مبصرین ملکی قوانین کی پاسداری بغیر سیاسی اور معاشی وابستگی سے کریں گے۔ بین الاقوامی مبصرین پر ملک کی خودمختاری اور شہریوں کے بنیادی حقوق اور آزادی کا خیال رکھنا لازم قرار دیا گیا ہے۔ بین الاقومی مبصرین اور میڈیا ملکی قوانین اور الیکشن کمیشن کے اختیارات اور حکام کا خیال رکھنا لازم ہوگا۔
ہدایات کے مطابق الیکشن کمیشن اور سکیورٹی اداروں کی طرف سے دی جانے والی ہدایات پر مبصرین اور غیرملکی میڈیا کو عمل کرنا ہوگا۔ بین الاقومی میڈیا اور مبصرین کو کسی سیاسی وابستگی اور امیدواروں کے ساتھ غیر جانبدارانہ رویہ رکھنے کے پابند ہوں گے۔ ایسی سرگرمی سے اجتناب کرنا ہوگا جس سے سیاسی جماعت سے وابستگی ظاہر ہو۔
بین الاقوامی مبصرین اور میڈیا کے پاس الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ کارڈ ہونا ضروری ہے۔ بین الاقومی مبصر اپنی ذاتی رائے ذرائع ابلاغ میں نہیں دے سکے گا۔ مبصر تنظیموں کی جانب سے نامزد شخص جنرل الیکشن سے متعلق رائے دے سکے گا۔
مبصر تنظیم عام انتخابات سے متعلق اپنی تجاویز، آراء اور سفارشات سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کرے گا۔ بین الاقومی مبصرین کے لیے الیکشن کمیشن کے قوانین اور ضابطہ اخلاق سے متعلق آگاہی رکھنا لازم ہوگا۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق بین الاقومی مبصرین بروقت ویزا کے حصول کےلیے درخواست دے گا، ویزا کی مدت ختم ہونے پر بین الاقومی مبصرین ملک میں مزید قیام نہیں کر سکیں گے۔
دوسری جانب، الیکشن کمیشن نے آج سے پاک فوج کے افسران کی چھ روزہ تربیت کا آغاز کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے 28 لیڈ ٹرینرز پاک فوج کے 1400 ٹرینرز کو تربیت دیں گے، پاک فوج کے 1400 ٹرینرز الیکشن کمیشن سے تربیت کے بعد جوانوں کی تربیت کرینگے۔ پاک فوج کے 1400 ٹرینرز کو انتخابی امور پر تربیت دی جائے گی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق، پاک فوج کے ٹرینرز کو سیکورٹی حکام کے انتخابی ضابطہ اخلاق پر تربیت دی جائے گی۔ پاک فوج کے ٹرینرز کو 14 مختلف مقامات پر ٹریننگ دی جائے گی۔
پاکستان میں عام انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے۔