رسائی کے لنکس

عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کیس، فیصلہ 12 اکتوبر کو


چیف الیکشن کمیشن نے کہا کہ اگر اسلام آباد ہائی کورٹ نے 11 اکتوبر تک فیصلہ نہ سنایا تو الیکشن کمیشن 12 اکتوبر کو فیصلہ سنا دے گا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کیس کا فیصلہ 12 اکتوبر کو سنانے کا اعلان کیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے بدھ کو عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کیس کی سماعت کی۔

عمران خان کے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے اور کی جگہ شاہد گوندل ایڈووکیٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی نمائندگی کی۔

سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے عمران خان کے وکیل سے استفسار کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت کیس کی کیا پوزیشن ہے جس پر وکیل نے کہا کہ عدالت نے 11 اکتوبر تک معاملے کی سماعت ملتوی کی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انہیں ابھی تک اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم نامے کی کاپی موصول نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا نمائندہ عدالت میں حکم نامے کی کاپی موصول کرنے کے لیے موجود ہے جس کے بعد سماعت میں وقفہ کردیا گیا۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم نامے کی کاپی الیکشن کمیشن کو موصول ہوئی تو توہینِ عدالت کیس کی سماعت دوبارہ شروع ہوئی۔

چیف الیکشن کمیشن نے کہا کہ تحریکِ انصاف نے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا ہوا ہے لیکن اگر اسلام آباد ہائی کورٹ نے 11 اکتوبر تک فیصلہ نہ سنایا تو الیکشن کمیشن 12 اکتوبر کو فیصلہ سنا دے گا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کا نوٹس لینے اور کارروائی کے خلاف عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہوا ہے اور ان کی درخواست کی سماعت لارجر بنچ کر رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG