کراچی کے دو حلقوں این اے 245 اور پی ایس 115 میں ضمنی انتخابات کے لئے جمعرات کو پولنگ ہوگی۔ اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل ہیں جبکہ سیکورٹی پلان بھی پہلے ہی بن چکا ہے۔
این اے 245 میں ہونے والے انتخابات اس لحاظ سے تاریخی اور یادگار ہوں گے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ان انتخابات کے نتائج کی پولنگ اسٹیشن سے براہ راست اسلام آباد منتقلی کے لیے پہلی مرتبہ سمارٹ فون ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق، پریزائیڈنگ افسران سمارٹ فون کے ذریعے نتائج کی تصاویر کمیشن کو ارسال کریں گے۔ یہ سہولت صرف 47 پولنگ اسٹیشنز پر استعمال ہوگی کیوں کہ ابھی یہ صرف آزمائشی بنیادوں پر بھی ممکن ہوسکے گا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سمارٹ فون رزلٹ سسٹم سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 115میں زیر استعمال نہیں ہوگا۔
الیکشن کمیشن نے پریزائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کئے ہیں۔ پریزائیڈنگ افسران انتخابات میں ہونے والی کسی بھی بے قاعدگی کا فوری نوٹس لے سکیں گے۔ انہیں قاعدگیوں کے خلاف کاروائی کرنے کا بھی اختیار حاصل ہوگا۔
صوبائی الیکشن کمشنر تنویر ذکی کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ نتائج کی منتقلی کے لئے سمارٹ فونز استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد بے قاعدگیوں کی شکایات دور کرنا اور نتائج کی فوری منتقلی ہے۔
الیکشن کمیشن نے دو حلقوں میں تین مرکز شکایات قائم کئے ہیں جو 24 گھنٹے فعال رہیں گے۔