رسائی کے لنکس

ہیٹی کے زلزلہ زدگان کے لیے ایدھی کے 10لاکھ ڈالر


ہیٹی کے زلزلہ زدگان کے لیے ایدھی کے 10لاکھ ڈالر
ہیٹی کے زلزلہ زدگان کے لیے ایدھی کے 10لاکھ ڈالر

پاکستان کی ممتاز فلاحی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ عبدالستار ایدھی نے ہیٹی میں آنے والے تباہ کن زلزے کے متاثرین کی امداد کے لیے 10 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔ وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے عبدالستار ایدھی نے کہا کہ وہ یہ امداد لے کر پہلے کیوبا پہنچیں گے جہاں سے ممکن ہے کہ وہ کشتی کے ذریعے ہیٹی پہنچیں گے۔

عبدالستار ایدھی نے کہا کہ ضرورت پڑی تودنیا میں” بھیک“ مانگ کر بھی ہیٹی کے زلزلہ متاثرین کی مدد کریں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ ابتدائی طور پر تو 10 لاکھ ڈالر کی امداد لے کر ہیٹی جارہے ہیں تاہم اُن کے بقول ضرورت پڑنے پر وہ مزید اتنی ہی امداد دیں گے۔ اُنھوں نے اس موقع پر دوسرے پاکستانیوں پر بھی زور دیا کہ وہ اس قدرتی آفت سے نمٹنے میں اپنا تعاون کریں کیوں کہ اس طرح کی ناگہانی صورت حال کا سامنا کسی بھی ملک کو کرنا پڑ سکتا ہے اور اسی طرح کا ایک تباہ کن زلزلہ 2005 ء میں پاکستان میں آیا تھا جس میں 70 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ 13 جنوری کو ہیٹی میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں ہزاروں افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ بڑی تعداد میں لوگ اب بھی لاپتہ ہیں جن میں اقوام متحدہ کے 150 سے زائد افراد بھی شامل ہیں۔ دنیا کے اس غریب ترین ملک میں آنے والے اس بدترین زلزلے کے بعد دنیا کے ترقی یافتہ ممالک مدد کے لیے حرکت میں آگئے اور امریکی صدر باراک اوباما نے زلزلہ زندگان کی امداد کے لیے 10 کروڑ ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے اور کہا کہ اُن کے ملک کی جانب سے کی جانے والی امدادی کارروائیاں حالیہ تاریخ کی سب سے بڑی امداد ثابت ہو گئیں۔

XS
SM
MD
LG