رسائی کے لنکس

وزیراعظم گیلانی کی جانب سے عبدالستار ایدھی کو نوبیل انعام دینے کی تجویز


وزیراعظم گیلانی کی جانب سے عبدالستار ایدھی کو نوبیل انعام دینے کی تجویز
وزیراعظم گیلانی کی جانب سے عبدالستار ایدھی کو نوبیل انعام دینے کی تجویز

وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے تجویز دی ہے کہ معروف سماجی رہنماعبدالستار ایدھی کو ان کی انسانیت کے لئے بے لوث خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے نوبیل اانعام دیا جائے۔ادھر عبدالستار ایدھی نے اس اقدام پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے نزدیک انسانیت کی خدمت ہی سب کچھ ہے اور پاکستانیوں کی محبت سے بڑھ کر ان کیلئے کوئی ایوارڈ نہیں ۔

سرکاری خبررساں ادارے اے پی پی نے خبر دی ہے کہ پیر کو وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کی نمائندہ خصوصی برائے انسداد ایچ آئی وی / ایڈز ایشیا نفیسہ صدیقی سے ملاقات کی جس میں انہوں نے تجویز دی کہ عبدالستار ایدھی کا نام انسانیت کے لئے بے مثال خدمات کے اعتراف میں نوبیل انعام کی غرض سے پیش کیا جائے۔

اس حوالے سے عبدالستار ایدھی نے وائس آف امریکہ کے نمائندے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں وزیراعظم کے اس اقدام کا میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا ہے تاہم حکومت کی جانب سے ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل سابق وزرائے اعظم ذوالفقار علی بھٹواور بے نظیر بھٹو بھی اسی طرح کے اعلانات کر چکے ہیں لیکن ان کے لئے پاکستانیوں کی محبت ہی سب سے بڑا ایوارڈ ہے۔

ایک سوال میں عبدالستار ایدھی کا کہنا تھا کہ اگر چہ پاکستان میں اس وقت تبدیلی کے نعرے بڑے جوش سے لگائے جا رہے ہیں تاہم انہیں فوری طور پرکوئی بڑی تبدیلی نظر نہیں آ رہی ، سرمایہ داروں اور جاگیرداروں نے ملک کو جھکڑ رکھا ہے اور غربت میں دن بدن اضافہ ہو تا جا رہا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھاکہ مشرق وسطیٰ کے بعض ممالک کی طرح پاکستان میں انقلاب نہیں آ سکتا کیونکہ اس قوم کی معاشی حالت ایسی نہیں کہ کوئی بڑا انقلاب آ سکے البتہ اگر لوٹی ہوئی رقم واپس نہ لائی گئی ، ٹیکس اور زکواة کا نظام بہتر نہ بنایا گیا اور غربت ایسے ہی بڑھتی گئی تو پھر یہاں حالات بگڑ سکتے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواہش ہے کہ جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کرے لیکن اس کامطلب یہ نہیں ہونا چاہیے کہ حکمرانوں کو احتساب سے استثنیٰ حاصل ہو جائے اور وہ جو چاہیں کرتے رہیں۔

XS
SM
MD
LG