مصر کے محکمہ انصاف کے عہدے داروں نے کہاہے کہ ایک عدالت نے سابق صدر حسنی مبارک اور ان کے اہل خانہ کے اثاثے منجمد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھاہے۔
عدالت نے منگل کے روز مسٹر حسنی مبار ک کی وہ اپیل مسترد کردی جس میں انہوں نے اپنے اور اہل خانہ کے بیرون ملک سفر پرپابندی ، دولت اور جائیداد منجمد کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیاتھا۔ سابق صدر کے خاندان کو کرپشن کے الزامات کا سامناہے اور نئی حکومت اس سلسلے میں تحقیقات کررہی ہے۔
پراسیکیوٹر عبدالمجید محمود کے دفتر نے کرپشن کی تحقیقات کے بارے میں کوئی تفصیلات ظاہر نہیں کیں ، تاہم دفتر کا کہناہے کہ مسٹر مبارک ، ان کی اہلیہ سوزین اور ان کے دوبیٹوں اور ان کی بیگمات کے سفر پر پابندی عائد ہے۔
یہ فیصلہ ، فوجی حکام کی جانب سے مسٹر مبارک کی اہلیہ اور چھوٹے بیٹے کمال نے شرم الشیخ سے بیرون ملک پرواز کی کوشش ناکام بنانے کے ایک روز بعد سامنے آیاہے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ پابندی ، ان کی ملک سے فرار کی کوشش کے بعد لگائی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں یہ اندازہ ظاہر کیا گیا ہے کہ مسٹر مبارک کے خاندان کے اثاثوں کی مالیت اربوں ڈالر ہے۔