رسائی کے لنکس

مصر: نومنتخب پارلیمان کا افتتاحی اجلاس


مصر: نومنتخب پارلیمان کا افتتاحی اجلاس
مصر: نومنتخب پارلیمان کا افتتاحی اجلاس

حالیہ انتخابات کے نتیجے میں وجود میں آنے والے مصری پارلیمان کے ایوانِ زیریں کا افتتاحی اجلاس پیر کو دارالحکومت قاہرہ میں منعقد ہوا۔

سابق صدر حسنی مبارک کے عشروں طویل اقتدار کے خاتمے کے بعد آزادانہ انتخابات کے نتیجے میں وجود میں آنے والے اس پہلی پارلیمان میں اسلام پسندوں کو اکثریت حاصل ہے۔

اسمبلی کے پیر کو ہونے والے افتتاحی اجلاس کی صدارت ایوان کے بزرگ ترین رکن محمود السقہ نے کی۔ ایوان کی کاروائی کا آغاز صدر مبارک اور بعد ازاں فوجی کونسل کے اقتدار کے خلاف احتجاجی تحریک کے دوران ہلاک ہونے والے سینکڑوں مظاہرین کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے سے ہوا۔

بعد ازاں نومنتخب اراکین نے ملکی آئین اور قانون کی پاسداری کا حلف اٹھایا تاہم اس موقع پر کئی اراکین نے حلف کے الفاظ میں ہیر پھیر کی کوشش کی۔

ایک اسلام پسند رکن نے ملکی قانون کے بجائے قانونِ الٰہی سے وفاداری کے الفاظ ادا کیے جب کہ بعض آزاد خیال اراکین نے صدر مبارک کے خلاف برپا ہونے والے اصلاح پسند عوامی انقلاب کو جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا جس پر اجلاس کے اسپیکر نے برہمی ظاہر کرتے ہوئے ان اراکین کو حلف کےتحریری الفاظ دوبارہ ادا کرنے کا حکم دیا۔

گزشتہ برس نومبر سے رواں برس جنوری تک تین مرحلوں کے دوران ہونے والے انتخابات کے دوران مصر کی اسلام پسند جماعت اخوان المسلمون کے سیاسی دھڑے 'فریڈم اینڈ جسٹس پارٹی' نے 498 کے ایوان کی لگ بھگ نصف نشستیں حاصل کی ہیں۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پیر کو ہونے والے دوسرے اجلاس میں اخوان کے نامزد کے امیدوار سعد کتاتنی ایوانِ زیریں کے اسپیکر منتخب ہوجائیں گے۔

'النور' نامی ایک سخت گیر مسلم اتحاد ایوان کی دوسری بڑی جماعت کی حیثیت سے سامنے آیا ہے جسے لگ بھگ 25 فی صد نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG