رسائی کے لنکس

مصر: غیرسرکاری امریکی تنظیموں پرالزامات عائد


مصر: غیرسرکاری امریکی تنظیموں پرالزامات عائد
مصر: غیرسرکاری امریکی تنظیموں پرالزامات عائد

واشنگٹن کا کہنا ہے کہ چند امریکیوں نے قاہرہ کے امریکی سفارتخانے میں پناہ لے رکھی ہے، تاہم اُن کی تعداد یا شناخت ظاہر نہیں کی گئی

اوباما انتظامیہ نے کہا ہےکہ اِس الزام کی چھان بین کے سلسلے میں کہ غیر سرکاری تنظیموں کوغیر قانونی فنڈز فراہم ہوئے، مصر نےمتعدد امریکی شہریوں پر باضابطہ الزامات عائد کردیے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریا نُلینڈ نے کہا ہے کہ بدھ کے روز مصر سےالزامات کا ایک باضابط دستاویز موصول ہوا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ مترجم عربی زبان میں لکھے گئے 100سے زائد صفحات پرمشتمل اس دستاویز پر کام کررہے ہیں، تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ یہ الزامات کِن امریکی شہریوں پر لگے ہیں اور اُن سے کیا جرم سرزد ہوا۔

مصرکے تفتیش کاروں نے پیر کو بتایا کہ اُنھوں نے 43غیر ملکی اور مقامی سرگرم کارکنوں کے خلاف مجرمانہ حرکات کا الزام لگایا ہے، جن میں 19امریکی بھی شامل ہیں جو مصر کی نا تجربہ کار جمہوریت کے فروغ کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کےساتھ وابستہ رہے ہیں۔ اِس شک کی بنا پر کہ بغیر اجازت کی سرگرمی جاری تھی اورغیر قانونی طور پر غیر ملکی فنڈ وصول کیے جارہے تھے، دسمبر میں مصر کے فوجداری مقدموں سےمتعلق اہل کاروں نے غیر سرکاری تنظیموں کے دفاتر پر چھاپے مارے۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ امریکیوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔

مصر کی فوج کی طرف سے تعینات کیے گئے وزیر اعظم نے بدھ کوبتایا کہ اُن کی حکومت چھان بین سے منہ نہیں موڑے گی ،باوجود ایک امریکی انتباہ کے کہ اس کے باعث قاہرہ کو امریکہ سے ملنے والی 1.3بلین ڈالر کی سالانہ امداد میں کٹوتی لگ سکتی ہے۔

کمال الغنزوری نےتوجہ دلائی کہ مصر قانون کے مطابق اِن غیر سرکاری تنظیموں کر سزائیں دے گا۔

منگل کو امریکی سینیٹروں نےمتنبہ کیا تھا کہ الزامات کو خارج نہ کیا گیا تو یہ معاملہ مصر کے ساتھ تعلقات میں سنگین رخنے کی صورت اختیار کر سکتا ہے۔


مصر نے کہا ہے کہ ایسے میں جب چھان بین جاری تھی کچھ لوگ ملک سے باہر چلے گئے، جس بنا پر اُس نے متعلقہ امریکیوں کے سفر پر پابندی عائد کردی تھی۔

جِن امریکیوں کی نشاندہی کی گئی ہے اُن میں ایک سام لاہود ہیں، جو امریکی ٹرانسپورٹیشن کے وزیر، لے لاہود کے فرزند ہیں۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ کچھ امریکیوں نے قاہرہ کے امریکی سفارتخانے میں پناہ لے رکھی ہے، تاہم اُن کی تعداد یا شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

مصری جج سمیع ابو زید نے بدھ کو کہا کہ دسمبر کے چھاپے کے دوران اس بات کا بہت سارا ثبوت مل چکا ہے کہ اُنھیں امریکہ، یورپ اور عرب ممالک سے غیر قانونی مالی اعانت موصول ہو رہی تھی۔

اُنھوں نے کہا کہ کچھ غیر سرکاری تنظیموں کے سرگرم کارکنوں کو اسماعیلیہ اور سویز کے شہروں میں مصری فوجی یونٹوں کی تعیناتی تک کے بارے میں اطلاعات حاصل تھیں، جس سے پتا چلتا ہے کہ وہ تنظیمیں سیاسی سرگرمیوں میں ملوث تھیں، جو بات سول معاشرے کےعام نوعیت کے کام سے تجاوز کی غماز ہے۔

XS
SM
MD
LG