رسائی کے لنکس

نیویارک: دریائے ہڈسن پر یادگار عید ملن


عید ملن میں نہ صرف کمیونٹی کے افراد ایک دوسرے سے عید ملے، بلکہ ساتھ ہی سیر و تفریح سے بھی لطف اندوز ہوتے رہے

نیویارک میں دریائے ہڈسن پر عید میلہ منعقد ہوا جہاں پاکستانی نژاد برادری نے عید کی خوشیاں منائیں۔

’ورلڈ فیئر، میرینہ کلب‘ سے جب ’اسکائی لائن کروز‘ دریائے ہڈسن سے سمندر کی جانب روانہ ہوا تو اس پر عید کے رنگ برنگے جوڑوں میں ملبوس خواتین، مردوں اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

’کروز‘ میں سوار فیملی کے لئے عید کی مناسبت سے شاندار طعام کا اہتمام تھا۔ ساتھ ہی، ہلکی میوزک اور لائیو پرفارمنس کے لئے عمران اختر اور حیدر افضل کو مدعو کیا گیا تھا۔

ڈی جے فلور پر میوزک کے ساتھ ہی پورا ہال جھوم اٹھا، دوسری جانب کوئنز بورو برج، بروکلن برج اور دیگر طویل قامت برج کے نیچے سے گزرتے ہوئے، مین ہٹن کی بلند و بالا عمارتیں ایک عجیب ہی منظر پیش کر رہی تھیں۔

دو گھنٹے کی مسافت طے کرکے جب کروز کھلے سمندر میں امریکہ کے مجسمہ آزادی کے قریب پہنچا تو کروز میں سوار ہر شخص نے اس یادگار لمحے کو اپنے کیمرے میں محفوظ کرنا ضروری سمجھا۔

عید ملن میں نہ صرف کمیونٹی کے افراد ایک دوسرے سے عید ملے، بلکہ ساتھ ہی سیر و تفریح سے بھی لطف اندوز ہوتے رہے۔

اس رنگ برنگی عید میلے کا آغاز شام 6 بجے ورلڈ فیئر میرینہ کلب سے ہوا، کروز کی واپسی اسی مقام پر رات گئے ہوئی، جس دوران کروز پر رنگارنگ تقریبات بھی جاری رہیں۔

نیویارک ایک کثیرالثقافتی شہر ہے جس میں ہونے والی تقریبات میں تمام کمیونٹی ایک دوسرے کے ساتھ ہوتی ہے، اس عید کروز میلے میں بھی پاکستانی مسلمانوں کی خوشیوں میں شرکت کے لئے انڈین، سکھ اور بنگلہ دیشی مسلمان بھی شامل ہوئے۔

اس موقع پر، قمر بشیر کا کہنا تھا کہ یہ میلہ دراصل عید ملن پارٹی ہے جس میں کمیونٹی کی خوشیاں دوبالا ہوتی ہیں۔ ساتھ ہی، انھیں دیگر کمیونٹی سے میل جول کا موقع بھی ملتا ہے۔

نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد رہائش پزیر ہےجو اپنی صحت مند تفریح طبع کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی۔

XS
SM
MD
LG