رسائی کے لنکس

کراچی سمیت ملک بھر میں عید میلادالنبی کی گہماگہمی


عید میلاد النبی کے روز کراچی کے تقریباً تمام علاقوں سے جلوس نکالے جاتے ہیں، جن کے شرکاٴ نعتیں اور درود کا ورد کرتے ہیں۔ اس دن بچوں میں مختلف قسم کے تحائف، میٹھائیاں اور پیسے تقسیم کئے جاتے ہیں، جبکہ لوگ ایک دوسرے کو کیک بھی تقسیم کرتے ہیں۔

کراچی سمیت، ملک بھر میں محرم کے بعد اب ایک اور مذہبی تہوار ’عیدمیلادالنبی‘ منانے کی تیاریاں زور و شور سے شروع ہوگئی ہیں۔ کراچی کے اکثر علاقوں میں اس حوالے سے گھروں اور مساجد کو رنگ برنگی روشنیوں اور سبز رنگ کے جھنڈوں سے سجانے کا سلسلہ جاری ہے۔

’عید میلاد‘، قمری کیلنڈر کے مہینے ’ربیع الاول‘ کی 12تاریخ کو منایا جاتا ہے۔ اِس بار، منگل 14جنوری کو عیدمیلاد النبی کا اہتمام ہوگا۔ اس دن، پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ پیدا ہوئے تھے۔ اس خوشی میں یہ دن منایا جاتا ہے۔

تاہم، کچھ روایات ایسی بھی ملتی ہیں جن میں کہا جاتا ہے کہ پیغمبر اسلام کی وفات بھی اسی تاریخ کو ہوئی تھی۔ مجموعی طور پر اس دن کو پیدائش کی خوشی سے منسوب کیا جاتا ہے۔

عید میلاد النبی کے روز کراچی کے تقریباً تمام علاقوں سے جلوس نکالے جاتے ہیں، جن کے شرکاٴ نعتیں اور درود کا ورد کرتے ہیں۔ اس دن بچوں میں مختلف قسم کے تحائف، میٹھائیاں اور پیسے تقسیم کئے جاتے ہیں، جبکہ لوگ ایک دوسرے کو کیک بھی تقسیم کرتے ہیں۔ شہر کے متعدد علاقوں میں سالگرہ کی خوشی میں کیک بھی کاٹا جاتا ہے، جبکہ بچوں اور بڑوں میں اس دن نئے کپڑے پہننے کا رجحان عام ہے۔

شہر کی چھوٹی بڑی مارکیٹوں میں اس حوالے سے سبز جھنڈوں کی تقسیم بڑے پیمانے پر شروع ہوگئی ہے۔

اتوار اور پیر کے روز ’وی او اے‘ کے نمائندے نے متعدد علاقوں کا دورہ کیا اور عید میلاد کی سرگرمیوں کے حوالے سے لوگوں سے ان کے خیالات جاننے کی کوشش کی۔

نارتھ کراچی میں پاور ہاوٴس کی چورنگی کے قریب جھنڈوں، مختلف مساجد کے لکڑی سے تیار کردہ ماڈلز، گھر سجانے کے لئے رنگ برنگی جھنڈیوں اور دیگر مختلف چیزوں کی فروخت جاری ہے۔ یہاں دن بھر خریداروں کا رش رہتا ہے۔

گولیمار، گلبہار، دھوراجی کالونی، کھارادر، میٹھادر، نیو کراچی، نارتھ کراچی، سورجانی ٹاوٴن، لانڈھی، کورنگی، ملیر، اورنگی ٹاوٴن، جوڑیا بازار اور اولڈسٹی ایریا کے تمام مارکیٹوں اور ملحقہ رہائشی علاقوں میں ان دن کے حوالے سے بڑے پیمانے پر چراغاں ہوتا ہے۔

گلیوں کو جھنڈوں، رنگ برنگی جھنڈیوں، مختلف قسم کے پھولوں، پتوں اور برقی قمقموں سے سجایا جاتا ہے۔

گولیمار کے ایک رہائشی اقبال نے بتایا کہ ’گولیمار چورنگی سے لسبیلہ تک سڑک کے دونوں جانب عیدمیلاد سے دو تین روز پہلے، مسجد نبوی، مدینہ منورہ اور مسجد الحرام مکہ مکرمہ کے ماڈلز نمائش کے لئے رکھ دیئے جاتے ہیں۔ شہر کے دور دوراز علاقوں تک سے سینکڑوں افراد انہیں دیکھنے کے لئے یہاں آتے ہیں۔ رات کے وقت یہاں بہت رش رہتا ہے۔ حتیٰ کہ، رش کے سبب، ٹریفک بھی جام ہوجاتا ہے۔ لیکن، لوگوں کا جوش و خروش عروج پر ہوتا ہے۔

نیو کراچی کے رہائشی ریحان عرفان کا کہنا ہے کہ ’جس دن ربیع الاول کا چاند نظر آنے کا اعلان ہوا، اُن کے علاقے میں خوشی میں شدید ہوائی فائرنگ ہوئی۔ جبکہ، لوگوں کے رمضان اور عید کی طرح ربیع الاول کا چاند نظر آنے کی ایک دوسرے کو مبارک بادیں پیش کیں۔

عید میلاد النبی پر سب سے بڑا اور مرکزی جلوس ایم اے جناح روڈ سے ہو کر گزرتا ہے۔

شرکاٴ لاوٴڈ اسپیکر پر نعتیں پڑھتے ہوئے گزرتے ہیں۔ جلسے میں کچھ ٹیبلوز بھی ہوتی ہیں، جبکہ سارے راستے مختلف گاڑیوں، ٹرکوں اور سوزوکیوں سے بچوں کو مختلف قسم کی کھانے کی چیزیں تقسیم کی جاتی ہیں۔
XS
SM
MD
LG