رسائی کے لنکس

خانیوال: دھند کے باعث موٹر وے پر حادثہ، 11 افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

مسافر بس موٹر وے سے نکلنے کے فوراً بعد ساتھ کھڑے ٹرالر سے ٹکرا گئی جو شیشہ صاف کرنے کے لیے سڑک پر کھڑا تھا۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے جنوبی شہر خانیوال کے قریب موٹر وے 'ایم فور - ایکسٹینشن' پر مسافر بس اور ٹرالر میں ٹکر کے باعث 11 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہو گئے ہیں۔

ترجمان نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس سید عمران احمد کے مطابق ایک نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کی مسافر بس پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور سے صوبے کے جنوبی شہر راجن پور جا رہی تھی کہ شدید دھند کے باعث سڑک پر کھڑے ٹرالر سے ٹکرا گئی۔

سید عمران احمد نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ دھند کے شدت کے باعث موٹر وے کو رات کے پچھلے پہر 3:11 منٹ پر بند کر دیا گیا تھا اور رہ جانے والی تمام گاڑیوں کو گزارا جا رہا تھا کہ یہ مسافر بس موٹر وے سے نکلنے کے فوراً بعد ساتھ کھڑے ٹرالر سے ٹکرا گئی جو شیشہ صاف کرنے کے لیے سڑک پر کھڑا تھا۔

ترجمان کے مطابق حادثے میں چار افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ زخمی افراد کو ملتان کے نشتر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مزید سات زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

نشتر اسپتال ملتان کے میڈیکل سپرنٹینڈینٹ عبدالرحمٰن نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ اسپتال میں لائے گئے مریضوں کے سر، چہرے اور سینے میں چوٹیں آئی ہیں۔ ایم ایس نشتر اسپتال کے مطابق چند زخمی افراد راستے میں ہی دم توڑ گئے تھے جس کے باعث حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔

صوبہ پنجاب کے جنوبی علاقے ان دنوں شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق دھند کی شدت چیچہ وطنی سے رحیم یار خان تک ہے جو آئندہ چند روز برقرار رہے گی۔

XS
SM
MD
LG