رسائی کے لنکس

سی پیک اور پاکستان کی ترقی کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں: احسن اقبال


پاکستانی وزیر داخلہ احسن اقبال (فائل فوٹو)
پاکستانی وزیر داخلہ احسن اقبال (فائل فوٹو)

پاکستان کے وزیر داخلہ احسن اقبال نے الزام عائد کیا ہے کہ 'پاکستان کے دشمن چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبے اور ملکی ترقی کے خلاف سازشیں کررہے ہیں۔'

پاکستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق وزیر داخلہ نے یہ بات ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں دیئے گئے ایک بیان میں کہی ہے۔

اگرچہ پاکستانی وزیر داخلہ نے یہ وضاحت نہیں کی کہ سی پیک سے متعلق مبینہ سازشیں کون کر رہا ہے تاہم سیکورٹی کے امور کے تجزیہ کار اور پاکستان کے سابق سیکرٹری داخلہ تسنیم نورانی کا کہنا ہے کہ ان کا اشارہ بھارت کی طرف ہو سکتا ہے کیونکہ نئی دہلی کی طرف سے پاکستان میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔

بھارت یہ کہتے ہوئے سی پیک منصوبے سے متعلق سوال اٹھاتا رہا ہے کہ اس کا ایک حصہ گلگت بلتستان کے علاقے سے گزرتا ہے جسے نئی دہلی ایک متنازع علاقہ قرار دیتا ہے۔ اسلام آباد بھارت کے ان دعوؤں کو مسترد کرتا ہے۔

دوسری طرف سلامتی کے امور کے بعض تجزیہ کار وزیر داخلہ کے بیان سے اتفاق کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ سی پیک اور اس سے جڑے منصوبے اور ان پر کام کرنے والے چینی شہری تحریب کاروں کا ہدف ہو سکتے ہیں۔

پاکستان میں سیکورٹی کے امور کے تجزیہ اکرام سہگل نے کہا کہ انہیں خدشات کی وجہ سے وزیر داخلہ نے یہ یبان دیا ہے۔

" آپ بتا دیتے ہیں کہ اگر کوئی دہشت گردی کی کارروائی کی جائے گی تو اس کا ردعمل ہو سکتا ہے۔ کچھ لوگوں کی رائے ہے کہ اس معاملے سے خاموشی سے نمٹا جائے میرا موقف ہے کہ اگر کوئی دہشت گردی کر سکتا ہے تو اسے سامنے لایا جائے تاکہ قبل از وقت اس کی پیش بندی کی جاسکے۔"

اگرچہ پاکستان نے سی پیک منصوبوں اور ان پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے کئی سیکورٹی فورس تشکیل دینے سمیت کئی موثر اقدا م کر رکھے ہیں تاہم اکرام سہگل کا کہنا ہے کہ تبدیل ہوتے ہوئے خطرات کی تناظر میں ان اقدامات کا مسلسل جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔

پاکستان کے وزیر داخلہ کا بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ ہفتے ہی پاکستان کے جنوبی ساحلی شہر کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک چینی شپنگ کمپنی کا اعلیٰ عہدیدار ہلاک ہو گیا تھا۔

چینی کی وزارت خارجہ نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا تھا کہ پاکستان اپنے ہاں مقیم شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔

واضح رہے کہ دسمبر 2017ء میں ایک غیر معمولی ایڈوائزری میں چین نے پاکستان میں موجود اپنے شہریوں کو دہشت گردوں کے ممکنہ حملوں سے متعلق خبردار کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG