دنیا بھر سےسٹرکچرل انجینئرز، فوجی، پیرامیڈیکس اور تلاش میں مدد کرنے والےتربیت یافتہ کتوں کے ساتھ ٹیمیں پیر کے زلزلے سے بچ جانے والوں کی تلاش اورامدادی سرگرمیوں میں مدد کے لیے ترکیہ اور شام جا رہی ہیں۔ پاکستان نے امدادی سامان کی ایک پرواز اور 50 رکنی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کبھیجی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ شام اور ترکی کے لیے روزانہ امدادی پروازیں بدھ سے شروع ہوں گی۔
یورپی یونین نے ترکی کی مدد کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کو متحرک کر دیا ہے، جب کہ بلاک کے کوپرنیکس سیٹلائٹ سسٹم کو ہنگامی نقشہ سازی کی خدمات فراہم کرنے کے لیے فعال کر دیا گیا ہے۔ کم از کم 13 رکن ممالک نے امداد کی پیشکش کی ہے۔
امریکہ تلاش اور بچاؤ کی کوششوں میں مدد کے لیے ٹیموں سمیت ترکیہ کو فوری امداد فراہم کر رہا ہے۔ کیلی فورنیا میں، لاس اینجلس کاؤنٹی کے تقریباً 100 فائر فائٹرز اور سٹرکچرل انجینئرز، چھ خصوصی تربیت یافتہ کتوں کے ساتھ، ترکیہ بھیجے جا رہے ہیں۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان حکومتوں کے علاوہ عوامی سطح پر بھی برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان میں 2005 میں آنے والے زلزلے میں ترکی نے ہر طرح کی امداد فراہم کی تھی۔ جس میں امداد اور ریسکیو کے علاوہ اسکولوں کی تعمیر نو بھی شامل تھی۔آج بھی پاکستانی کشمیر میں لوگ ترکیہ کی ہمدردی کے معترف نظر آتے ہیں۔
سوشل میڈیا پاکستانی صارفین کی جانب سے ہمدردی اور مدد کی اپیلوں سے بھرا ہوا ہے۔
پاکستان سے امدادی سامان ترکیہ روانہ
منگل کی صبح ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے خصوصی طیارہ سامان لے کر روانہ ہو گیا ہے پی آئی اے کی پرواز سے ریسکیو 1122 کے 50اہل کاروں پر مشتمل ٹیم اور 15 ٹن سامان روانہ کیا گیا ہے۔ امدادی سامان میں سردی میں استعمال ہونے والے خیمے، کمبل اور دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔
حکام کے مطابق8 فروری سے ہر روز پی آئی اے کی پروازوں کے ذریعے اسلام آباد اور لاہور سے 15 ٹن امدادی سامان ترکیہ اور شام بھیجا جائے گا جب کہ وزارتِ صحت اور آرمی میڈیکل ٹیمیں بھی متاثرہ ملکوں کو بھجوائی جائیں گی۔
شہباز شریف کا صدر ایردوان سے رابطہ
وزیرِاعظم پاکستان شہبازشریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان سے ٹیلی فونک پررابطہ کیا ہے۔ انہوں نے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے صدر ایردوان کو ریسکیو کے کاموں میں مدد کے لیے پاکستانی ڈاکٹروں، پیرا میڈیکس اور ریسکیو اہل کاروں کی ٹیمیں بھیجنے کے بارے میں آگاہ کیا۔
روس کی ہنگامی صورت حال کی وزارت کی طرف سے امدادی ٹیموں کو شام بھیجا گیا جہاں اس ملک میں تعینات روسی فوج نے ملبہ ہٹانے اور زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مدد کے لیے پہلے ہی 300 افراد پر مشتمل 10 یونٹ بھیجے ہیں۔ روسی فوج نے انسانی امداد کی تقسیم کے لیے پوائنٹس قائم کیے ہیں۔ روس نےترکیہ کو بھی مدد کی پیشکش کی ہے جسے قبول کر لیا گیا ہے۔
ترکیہ کا پڑوسی اور تاریخی حریف یونان21 ریسکیورز، تلاش میں مدد دینے والے دو کتوں اور ایک خصوصی ریسکیو گاڑی کے ساتھ ایک سٹرکچرل انجینئر، پانچ ڈاکٹروں اور زلزلہ کی منصوبہ بندی کے ماہرین کے ساتھ ملٹری ٹرانسپورٹ طیارے بھیج رہا ہے۔
جنگ سے تباہ حال شام نے اقوام متحدہ اور اس کے ارکان سے امدادی کوششوں، صحت کی خدمات، پناہ گاہ اور خوراک کی امداد کے لیے مدد کی اپیل کی ہے۔ زلزلے سے حکومت کے زیر قبضہ علاقہ اور اپوزیشن کے زیر قبضہ آخری انکلیو دونوں کو نقصان پہنچا۔
شمالی شام میں جب امدادی کاکنوں نے ملبے کے نیچے دبے ایک پورے خاندان کو بحفاظت باہر نکال لیا تونہ صرف وہاں موجود لوگ مسرت سے مغلوب ہوکر روپڑے اور خوشی سے نعرے لگائے بلکہ سوشل میڈیا پر لاکھوں لوگ بھی اس لمحے کو محسوس کر سکتے تھے۔
اسرائیلی فوج 150 انجینئرز، طبی عملے اور دیگر امدادی کارکنوں پر مشتمل ایک سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم ترکی میں جان بچانے والی امداد فراہم کرنے کے لیے بھیج رہی ہے۔ دونوں ملک برسوں کی کشیدگی کے بعد تعلقات کو بہتر کر رہے ہیں۔ وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا کہ انہوں نے شام کے لیے انسانی امداد کی درخواست بھی منظور کر لی ہے۔ اسرائیل اور شام کے درمیان سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔
برطانیہ 76 سرچ اینڈ ریسکیو ماہرین کو سامان اور کتوں کے ساتھ ساتھ ایک ہنگامی طبی ٹیم ترکیہ بھیج رہا ہے۔ برطانیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ شام میں متاثرین کی مدد کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ رابطے میں ہے۔
جرمنی ہنگامی جنریٹرز، خیموں، کمبلوں اور پانی کی صفائی کے آلات کی فراہمی کے لیے تیار ہے۔ اس نے THW سول پروٹیکشن ایجنسی کی ٹیمیں ترکی بھیجنے کی بھی پیشکش کی ہے۔ گروپ انٹرنیشنل سرچ اینڈ ریسکیو جرمنی بھی درجنوں ڈاکٹروں اور ریسکیو ماہرین کو ترکی بھیجنے کی تیاری کر رہا تھا۔
بھارت اپنی قدرتی آفات رسپانس فورس کے 100 سرچ اینڈ ریسکیو اہل کاروں کے ساتھ ساتھ امدادی سرگرمیوں کے لیے خصوصی طور پر تربیت یافتہ ڈاگ سکواڈ اور سامان ترکیہ بھیج رہا ہے۔ وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ تربیت یافتہ ڈاکٹروں، پیرامیڈیکس اور ضروری ادویات کے ساتھ میڈیکل ٹیمیں بھی تیار ہیں۔
آسٹریا نے ملٹری ڈیزاسٹر ریلیف یونٹ کے 84 فوجی بھیجنے کی پیشکش کی ہے۔ اسپین 85 اہل کاروں اور رضاکار فائر فائٹرز کے ایک دستے کے ساتھ دو اربن سرچ اور ریسکیو ٹیمیں بھیجنے کی تیاری کر رہا تھا۔ پولینڈ ترکیہ کو سامان کے ساتھ 76 فائر فائٹرز اور آٹھ تربیت یافتہ کتے بھیج رہا ہے۔ رومانیہ دو فوجی طیاروں پر خصوصی اہل کار اور سامان بھیج رہا ہے۔
جنوبی کوریا 60 افراد پر مشتمل سرچ اینڈ ریسکیو ٹیماور طبی سامان ترکیہ بھیجے گا۔ حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ ابتدائی طور پر 5 ملین ڈالر کی انسانی امداد فراہم کر رہی ہے، اور Gyeonggi کی صوبائی حکومت ایک ملین ڈالر کی انسانی امداد فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
تائیوان 130 ریسکیو اسکواڈ کے ارکان، پانچ سرچ ڈاگ اور 13 ٹن سامان ترکیہ بھیج رہا ہے۔ وزیر داخلہ لن یو چانگ نے کہا کہ پہلا گروپ پیر کو دیر گئے ترکی کے لیے روانہ ہوا اور دوسرا منگل کو بھیجا گیا۔ تائیوان نے پہلے کہا تھا کہ وہ ترکی کو 200,000 ڈالر عطیہ کرے گا۔
سوئس ریسکیو ڈاگ سروس REDOG 14 کتوں کے ساتھ 22 ریسکیورز بھیج رہی ہے۔ حکومت نے کہا کہ وہ تلاش اور بچاؤ کے 80ماہرین بھی بھیجے گی، جن میں فوج کے ڈیزاسٹر ماہرین بھی شامل ہیں۔ جمہوریہ چیک68 ریسکیورز کی ایک ٹیم بھیج رہا ہے جس میں فائر فائٹرز، ڈاکٹرز، سٹرکچرل انجینئرز اور سونگھنے والے کتوں کے ماہرین بھی شامل ہیں۔
جاپان تقریباً 75 امدادی کارکنوں کا ایک گروپ ترکیہ بھیج رہا ہے۔ لبنان کی نقدی کی کمی کا شکار حکومت امدادی کوششوں میں مدد کے لیے فوجیوں، اور سول ڈیفنس کے پہلے ریسپانسر اور فائر فائٹرز کو ترکیہ بھیج رہی ہے۔
کروشیا 40 اہل کار اور 10 کتے، امدادی سامان اور وین بھیج رہا ہے۔ سربیا نے21 امدادی کارکنوں اور تین رابطہ افسروں کو ترکیہ بھیجاہے۔
اس رپورٹکا کچھ حصہ ایسوسی ایٹڈ پریس کی فراہم کردہ معلومات پر مبنی ہے۔