|
پاکستان کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں انگلینڈ کے خلاف ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ملتان میں کھیلے جانے والے میچ کے آخری دن پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز کے دوران 55 ویں اوور میں 220 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
قبل ازیں پاکستان نے 152 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز کا آغاز کیا تھا۔ تو پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں زیادہ رنز سلمان آغا 63، شاہین آفریدی 10 اور نسیم شاہ چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ابرار احمد شدید بخار میں مبتلا ہونے کے سبب میدان میں کھیل کے لیے نہیں آئے۔ انگلینڈ کے جیک لیچ نے چھ اوورز میں 30 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 150 اوورز کھیل کر سات وکٹوں 823 رنز پر اپنی اننگز ڈکلیئر کی تھی۔ مہمان ٹیم کے جو روٹ نے 262 جب کہ ہیری بروک نے 317 رنز بنائے تھے۔
پاکستان نے اس اننگز میں سات بالرز استعمال کیے۔ ان میں سے چھ بالرز نے 100 سے زائد رنز دیے۔ شکیل سعود نے صرف دو اوورز کرائے تھے۔
انگلینڈ نے پہلی اننگز میں پاکستان کے خلاف 267 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔ لیکن پاکستان اس برتری کو عبور نہ کر سکا۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں 556 رنز بنائے تھے۔ پہلی اننگز میں عبد اللہ شفیق نے 102، کپتان شان مسعود نے 151 جب کہ سلمان علی آغا نے 104 رنز بنائے تھے۔
انگلینڈ کے جیک لیچ نے 160 رنز کے عوض تین وکٹیں اپنے نام کی تھیں۔
پاکستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ منگل سے ملتان میں شروع ہوگا۔