آسٹریلیا میں جاری ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ایک میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 42 رنز سے شکست دے دی ہے۔
آسٹریلیا کے شہر کینبرا میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 116 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان ویمنز ٹیم ابتدا سے ہی دباؤ کا شکار رہی اور پہلی وکٹ گیارہ کے مجموعی اسکور پر گری۔ اوپنرز منیبا علی 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جب کہ جویریہ خان بھی 16 رنز ہی بنا سکیں۔
کپتان بسمہ معروف بھی خاطر خواہ کارکردگی پیش کرنے میں ناکام رہیں اور وہ صرف چار رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئیں۔ ندا ڈار پانچ، ارم جاوید چار اور امیمہ سہیل سات رنز ہی بنا سکیں۔
پاکستان کی جانب سے عالیہ ریاض نے سب سے زیادہ 41 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ سات کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکیں۔
اس سے قبل انگلینڈ کی طرف کپتان ہیتھر نائٹ نے 47 گیندوں پر 62 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور آٹھ چوکے بھی شامل تھے۔
دیگر انگلش کھلاڑیوں میں نتالی سیور نے 36، فرین ولسن 22 اور ڈینی ویٹ 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔
پاکستان کی جانب سے امیمہ انور نے تین، ندا ڈار دو، ڈیانہ بیگ اور عالیہ ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
یاد رہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم نے ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ پوائںٹس ٹیبل پر پاکستان کے دو پوائںٹس ہیں۔