بھارت اورانگلینڈ کےدرمیان عالمی کپ میں گروپ بی کا اتوار کو بنگلور میں کھیلا جانےوالامیچ ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹائی ہو گیا۔
بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فصیلہ کیا اور 49.5 اوورز میں اُن کی ٹیم نے338 رنز بنائے۔اس میں سُپر سٹار بلے باز سچن ٹنڈولکر کی شاندار سنچری شامل ہے۔
اُنھوں نے 115 گیندوں پر پانچ چھکوں اور دس چوکوں کی مدد سے 120 رنز بنائے جس کے بعد عالمی کپ میں اُن کی سنچریوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔جبکہ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں یہ اُن کی 47ویں سنچری ہے۔
یوراج سنگھ 58 ،گوتم گامبیر51، وریندر سہواگ 35 اور دھونی نے31 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی طرف سے برسنن نے 48 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
انگلش ٹیم نے بظاہر ایک بہت ہی مشکل 339 رنز کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے پُراعتماد انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور کیون پیٹرسن نے کپتان اینڈریو سٹراس کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 68 رنز بنائے۔
پیٹرسن کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلینڈ کی دوسری وکٹ 111 پر گری جس کے بعد این بیل نے سٹراس کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 281 رنز بنائے اور بظاہر میچ میں انگلش ٹیم کا پلڑا بھاری ہوگیا۔
لیکن اس موقع پر بھارتی فاسٹ باؤلر ظہیر خان نے اوپر تلے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے میچ پر بھارت کی گرفت ایک با ر پھر مضبوط کردی۔ بیل 69 اور کپتان سٹراس 158 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
میچ کے آخری اوورمیں انگلینڈ کوجیتنے کے لیے چھ گیندوں پر 14 رنز درکار تھے۔ انگلینڈ کی طرف سے اجمل شہزاد نے ایک چھکا بھی لگایا اور انگلینڈ کو میچ کی آخری گیند پر دو رنز درکار تھے۔ تاہم انگلش کھلاڑی صرف ایک رن بنا سکے، اور یوں مقررہ اوورز میں انگلینڈ کا مجموعی سکور بھی 338 رہا جبکہ اُس کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ تھے۔
اس میچ کے بعددونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا ہے۔ انگلینڈ کےکپتان سٹراس کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ عالمی کپ میں کسی انگلش کپتان کی یہ پہلی سنچری ہے۔
عالمی کپ کی تاریخ کا یہ چوتھا ٹائی میچ تھا۔
انگلینڈ کا رن ریٹ 6.76 جب کہ بھارت کا رن ریٹ 6.78 تھا۔