رسائی کے لنکس

دیول فیملی کی نئی مزاحیہ فلم "یملاپگلا دیوانہ" کی ریلیز


دیول فیملی کی نئی مزاحیہ فلم "یملاپگلا دیوانہ" کی ریلیز
دیول فیملی کی نئی مزاحیہ فلم "یملاپگلا دیوانہ" کی ریلیز

سن اسی کے عشرے میں دھرمیندر پر پکچرائز ہونے والا ایک گانا 'میں جٹ یملا پگلا دیوانہ۔۔ اور رباّ اتنی سی بات نہ جانا۔۔" بہت مشہور ہوا تھا۔ اب دوہزار گیارہ میں "یملا پگلا دیوانہ" کے نام سے ایک نئی فلم بنی ہے۔ فلم کی کاسٹ میں دھرمیندر، ان کے دونوں بیٹے سنی دیول ، بوبی دیول، کل راج رندھاوا، انوپم کھیر، نفیسہ علی اور جانی لیور شامل ہیں ۔ فلمساز نتین من موہن اور ہدایت کار سمیر کارنک ہیں جبکہ شاعری راہو سیٹھ، ارشاد کمال کی اور موسیقی پیارے لال اور انو ملک نے دی ہے۔

دھرم سنگھ(دھرمیندر) اور گجودھر(بابی دیول) آپس میں باپ بیٹے تو ہیں ہی ساتھ ساتھ بلا کے شعبدے باز بھی ہیں جو لوگوں کو آسانی سے بے وقوف بنالیتے ہیں۔ یہ لوگ بنارس میں رہتے ہیں اور یہاں کے مشہور ٹھگ ہیں۔ اس دوران پرم ویر سنگھ ڈھلوں (سنی دیول) نام کا ایک شخص ان دونوں کی زندگی میں آجاتا ہے جو دراصل بیرون ملک رہتا ہے مگر ان دنوں بھارت آیا ہوا ہے۔ بہادر پرم ویر سنگھ کا دعویٰ ہے کہ وہ گجودھر سنگھ کا بھائی اور دھرم سنگھ اس کا باپ ہے۔ پرم ویر پیسے والا ہے جسے بھانپ کر پرم ویر اپنا بیٹا اور گجودھر اسے اپنا بھائی مان لیتا ہے۔ ویسے بھی وہ دونوں اسی میں اپنی بھلائی اور روشن مستقبل دیکھتے ہیں کہ پرم ویرانہیں اپنالے تاکہ وہ بے ایمانی کے دھندے میں آنے والی مصیبتوں سے بچ سکیں۔

اسی اثناء میں گجودھر کو ایک لڑکی صاحبہ سے پیار ہوجاتا ہے جو پیشے کے اعتبار سے فوٹو گرافر ہے تاہم صاحبہ کے پانچ بھائیوں کویہ رشتہ پسند نہیں آتا ۔ پرم ویربھائی کے ساتھ مل کر ایک مزیدارپلان بناتا ہے تاکہ لڑکی کے بھائی شادی پر رضامند ہوجائیں۔ دونوں بھائی بیرون ملک مقیم بھارتی بن کر صاحبہ کے بھائیوں کے گھر پنجاب پہنچ جاتے ہیں جہاں سے کہانی نئے موڑ لیتی ہے۔

ایکٹنگ: جب دیول فیملی کے تین سپوت سامنے ہوں تو کسی اور خاندان کے لئے رہ ہی کیا جاتا ہے۔ فلم میں شروع سے آخر تک دیول فیملی چھائی ہوئی ہے۔ دھرمیندر نے دھرم سنگھ کے رول میں وہی کچھ دوہرایا ہے جو وہ اپنی ماضی کی فلموں میں کیا کرتے تھے۔ فلم انٹرویل تک ہچکولے کھاتی نظر آتی ہے مگر انٹرویل کے بعد کہانی نے اسپیڈ پکڑی ہے۔ فلم میں ہنسنے ہنسانے کے لئے خاصا مواد موجود ہے۔ فلم کا ٹائٹیل سانگ اچھا ہے جبکہ ایک آئٹم سانگ بھی فلم کا حصہ ہے جو فلم کی ریلیز سے پہلے ہی مشہور ہوگیا تھا۔

جو فلم بین دیول فیملی کو پسند کرتے ہیں ان کے لئے یہ فلم دیکھنے کا اچھا بہانہ ہے۔ اگر کہانی، ڈائریکشن، ایکٹنگ کو نظر انداز کردیا جائے اور صرف ہنسنا ہی مقصود ہو تو فلم آپ کو اپ سیٹ نہیں کرے گی۔ لیکن اگر آپ معمول سے ہٹ کر کچھ دیکھنے کے عادی ہیں تو یہ فلم نہ دیکھیں۔

XS
SM
MD
LG