رسائی کے لنکس

راحت فتح علی خان : کامیاب ترین گانوں کی طویل فہرست رکھنے والا فنکار


راحت فتح علی خان : کامیاب ترین گانوں کی طویل فہرست رکھنے والا فنکار
راحت فتح علی خان : کامیاب ترین گانوں کی طویل فہرست رکھنے والا فنکار

راحت فتح علی خان اور شریا گوشال کے نئے گانے " تیری میری ، میری تیری پریم کہانی ۔۔۔"نے بھارت کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی دھوم مچائی ہوئی ہے۔سلمان خان کی سپر ہٹ فلم "باڈی گارڈ " نے جہاں ڈیڑھ ارب روپے کا ریکارڈ بزنس کرکے تاریخ میں اپنا نام امرکر لیا ہے وہیں فلم کی کامیابی میں اس گانے کا بھی بہت بڑا ہاتھ ہے۔

کچھ لوگوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ کامیابی ان کے قدم چومتی ہے۔۔راحت فتح علی خان بھی انہی خوش قسمت لوگوں میں سے ایک ہیں۔ راحت نے 2003ء میں بھارتی فلموں سے گیتوں کا سفر طے کرنا شروع کیا تو ایک کے بعد ایک ہٹ گانا گاتے چلے گئے اور آج یہ عالم ہے کہ ایک عام سا گانا بھی راحت کے سروں اور لے میں ڈھل کر خاص ہوجاتا ہے۔

راحت فتح علی خان کی کامیابی پر نظر ڈالیں تو گزشتہ سال انہوں نے فلم" دبنگ " کے لئے ایک گیت گایا تھا جس کے بو ل تھے " تیرے مست مست دو نین" ۔ یہ گیت اس قدر مشہور ہوا کہ اس پر انہیں چار ایوارڈ ملے جن میں آئیفا ایوارڈ سرفہرست ہے۔

اسی سال ان کا ایک اور گانا موسیقی کی دنیا میں ہلچل مچاگیا اور وہ تھا فلم ویر کا گانا" سریلی انکھیوں والے"ان دونوں گانوں نے راحت فتح علی کی شہرت کو گھر گھر پہنچادیا ۔ آج بھی یہی گانے ان کی پہلی پہچان بنے ہوئے ہیں۔

دوہزار دس میں ہی شاہ رخ خان کی فلم " مائی نیم از خان" کے لئے راحت نے جو گانا گایا اس کا ٹائیٹل تھا " سجدہ" ۔یہ بات بتانا اضافی ہوگی کہ سجدہ نے بھی راحت کو اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں وہ مقام بخشا جس کی حسرت تو بے شمار لوگ کرتے ہیں مگر پاتا کوئی کوئی ہی ہے۔

سن 2010ء میں ہی فلم" عشقیہ "کا گانا "دل تو بچہ ہے جی "گاکر راحت نے ایک اور دھماکا کیا۔ یہ گیت سال کا سب سے زیادہ سنا جانے والا اور کامیاب ترین گیت ٹھہرایا گیا۔ اس گانے پر بھی انہیں بیسٹ پے بیک سنگر کا ایوارڈ ملا۔

"میں تینو سمجھاواں کی۔۔"بھی سن دوہزار دس کا کامیاب گانا تھا۔یہی نہیں بلکہ اسی سال انہوں نے جن فلموں میں کامیاب گیت گائے ان میں"تو بات پکی، لاہور، بدمعاش کمپنی، ورثہ، آئی ہیٹ لو اسٹوری، ملیں گے ملیں گے، ونس سپون آ ٹائم، تم جو آئے، انجانہ انجانی، آکروش، ناک آوٴٹ "اور"وی آر فیملی" شامل ہیں۔

علاوہ ازیں سن دوہزار دس اور گیارہ سے پہلے راحت کے جو گانے نہایت مشہور ہوئے ان میں " لگن لاگی، جیادھڑک دھڑک ، جگ سونا سونا لاگے، او رے پیا، تیری اور، آس پاس خدا " شامل ہیں۔ مجموعی طور پر راحت فتح علی کے کامیاب اور مشہور گانوں کی فہرست بہت لمبی ہے۔

ایک لاکھ امریکی ڈالر لینے والے پہلے پاکستانی گلوکار

مذکورہ کامیابیوں کے علاوہ راحت فتح علی خان بیرون ممالک ایک پروگرام کا معاوضہ ایک لاکھ امریکی ڈالر لینے والے پہلے پاکستانی گلوکار بھی بن گئے ہیں۔ مقامی اخبار ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ میں ریلیز ہونے والی فلموں میں راحت فتح علی خان کے گیتوں کی زبردست کامیابی کے بعد انہوں نے اپنا معاوضہ بڑھادیا ہے جس کے بعد وہ پہلے پاکستانی گلوکار بن چکے ہیں جنہیں امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا اور یورپ سمیت دیگر ممالک میں پرفارم کرنے کے فی شو ایک لاکھ امریکی ڈالر ادا کئے جارہے ہیں جبکہ وہ پاکستان میں ایک شو میں پرفارم کرنے کا معاوضہ بیس سے پچیس لاکھ روپے وصول کرتے رہے ہیں۔

جب اس سلسلے میں رات فتح علی کے منیجر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے راحت کے پروگرام کاشیڈول بتاتے ہوئے کہا کہ ایک لاکھ امریکی ڈالر صرف راحت فتح علی خان کی پرفارمنس فیس ہے جبک بیرون ملک جانے کے لئے بیس سے زائد افراد پر مشتمل ٹیم کی ائیر ٹکٹنگ، فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام اور دیگر مراعات کے اخراجات پروموٹرز کے ذمے ہوتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG