کونکنا سین شرما ان دنوں اپنے نومولود بچے کی دیکھ بھال میں مصروف ہیں ۔ ان کے یہاں بیٹے کی ولادت ہوئی ہے جسے پاکر وہ بہت خوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بچے کے آنے سے ان کی زندگی ہی بدل گئی۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب ان کے اولاد نہیں ہوئی تھی تو اکثر لوگ یہ کہا کرتے تھے کہ دیکھنا بچے ہوتے ہی 'لائف بدل جائے گی' ۔ میں اس بات کو کبھی سمجھ نہیں پائی لیکن بیٹے کی پیدائش کے بعد یہ بات اچھی طرح سمجھ میں آگئی ہے۔ یہ میری زندگی کا سب سے انوکھا اور نہایت خوش کن لمحہ ہے ، میں اسے الفاظ میں بیان نہیں کرسکتی۔
کونکنا کا میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہنا ہے کہ میں نے اپنے بیٹے کا نام 'ہارون 'رکھا ہے ۔ میرے شوہر کو اس نام پر مجھ سے اتفاق نہیں تھا ۔ سنسکرت زبان میں اس لفظ کے معنی امید کہ ہیں ۔ دوسرے یہ کہ یہ سلمان رشدی کی ایک کتاب کا بھی عنوان بھی ہے ۔پھر بغداد کے ایک بادشاہ کا نام بھی ہارون الرشید تھا ۔ مجھے یہ نام بہت اچھا لگتا تھا لہذا میں نے اپنے بیٹے کو یہی نام دے دیا۔
ایک سوال کے جواب میں کونکنا کا کہنا ہے کہ ماں بننے سے ان کے فلمی کیرئیر پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
کونکنا کی ایک بنگالی زبان کی فلم ITI MRINALINIبہت عرصے سے بھارت میں ریلیز کی منتظر ہے جبکہ اسی فلم کو نیویارک انڈین فلم فیسٹیول میں دو ایوارڈز مل چکے ہیں۔اس حوالے سے ان کا کہنا ہے " اصل میں کم بجٹ کی فلم کو ریلیز کرنا خاصا مشکل ہوتا ہے کیوں کہ کم پیسے میں فلم کی تشہیر پوری طرح نہیں ہوپاتی ۔ مگر میرا خیال ہے کہ دو ایوارڈز جیتنے کی خبر سے لوگوں میں فلم دیکھنے کا شوق پیدا ہوگا ۔ بھارت میں یہ ہندی اور بنگلہ دونوں زبانوں میں ریلیز ہوگی"