رسائی کے لنکس

یورپ کے گندے انڈے


خبر رساں ادارے رائڑز کے مطابق ہالینڈ میں چھاپوں میں فیپرونل سے آلودگی کے سکینڈل سے منسلک 2 لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

کچھ دن پہلے یورپ کے بعض شہروں میں آلودہ انڈوں کی فروخت کا انکشاف ہوا تھا۔ جس کا دائرہ اب بڑھ کر ہانگ کانگ تک جا پہنچا ہے۔

ممکنہ طور پر انڈوں میں نقصان دہ کیڑے مار دوا فیپرونل کی وجہ سے آلودگی کے خوف سے اب تک یورپ کی مارکیٹوں سے لاکھوں انڈے واپس منگوائے جا چکے ہیں۔

فیپرونل ایک جراثیم کش دوا ہے اور اسے انسانوں کی خوراک میں استعمال ہونے والے جانوروں پر استعمال کرنے پر پابندی ہے۔ کہا جاتا ہے اس مضر صحت دوائی کا پولڑی کے اردگر موجود جراثیم کو بھگانے والی محفوظ ادویہ میں شامل ہونا انڈوں میں آلودگی کا باعث بنا۔

یورپین یونین کے ٹریڈ اینڈ ایگریکلچر کے ترجمان کے مطابق جراثیم کش دوا فیپرونل کا پتا لگنےکے بعد یورپ کے چار ملکوں ہالینڈ، جرمنی، بلجیم اور فرانس کے فارمز سے انڈوں کی فروخت پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یورپین یونین کے کم از کم 11 مزید ملکوں میں آلودہ انڈوں کا انکشاف ہوا ہے جن میں برطانیہ، سویڈن، آسٹریا، آئرلینڈ، اٹلی، لیگزمبرگ، پولینڈ، رومانیا، سلواکیا، سلوینیا اور ڈنمارک شامل ہیں۔

یورپین یونین کے علاوہ سوئٹزرلینڈ اور ہانگ کانگ میں بھی آلودہ انڈوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے رائڑز کے مطابق ہالینڈ میں چھاپوں میں فیپرونل سے آلودگی کے سکینڈل سے منسلک 2 لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

بی بی سی کے مطابق بیلجیم اور ہالینڈ میں انڈوں میں آلودگی کی تحقیقات کی جا رہی ہیں جن کا مرکز 2 فرمز ہیں۔ بلجیم کی ایک پسٹ کنٹرول فرم پولڑی ویژن پر الزام ہے کہ اس نے یہ دوائی ہالینڈ کی ایک پولڑی فارم صاف کرنے والی کمپنی چکن فرینڈ کو فروخت کی تھی۔

اگرچہ یہ جراثیم کش دوا انسانی جسم میں بہت زیادہ مقدار میں داخل ہونے کی صورت میں لیور اور تھائراڈ گلینڈ کو نقسان پہنچا سکتی ہے۔ لیکن ابھی تک ان انڈوں کی وجہ سے کسی شخص کے بیمار ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ کہا جاتا ہے کہ انسانی صحت پر ان انڈوں کے استعمال کے بہت کم خطرات ہیں۔

حال ہی میں اس سکینڈل کے بعد جس نے یورپی صارفین کو ہلا کر رکھ دیا ہے، بیلجم کے ایک شہر ملمیڈی میں سالانہ تہوار کے دوران علاقے کے لوگوں کے لیے تقریبا 10,000 انڈوں سے ایک آملیٹ بنایا گیا۔ جس کو وہاں پر موجود لوگوں میں تقسیم کیا گیا۔

اس آملیٹ کی تقریب کے بانی کےمطابق منتظمین نے اس تقریب کے لیے انڈے حاصل کرنے کا ذریعہ اور ان کے خطرے سے پاک ہونے کی تصدیق کر لی تھی۔

XS
SM
MD
LG