رسائی کے لنکس

مغربی منڈیوں میں مندی، یورو زون کی کساد بازاری کا خطرہ


یورپ اور امریکہ کے بازار حصص میں منگل کو شیئرز کی قیمتیں سرمایہ کاروں کے ان خدشات کے باعث گر گئیں کہ 17 رکنی یورو بلاک کی معیشت میں سکڑاؤ پیدا ہوسکتا ہے اور یہ کہ آیا یونان اپنے قرضوں کے ایک بڑے حصے سے چھٹکارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گا یا نہیں۔

لندن، فرینکفرٹ اور پریس میں اسٹاک مارکیٹس میں اس وقت دو فی صد یا اس سے زیادہ کمی آئی جب یورپی یونین نے یہ تصدیق کی کہ یورو زون کی معیشت کا رجحان گذشتہ سال کی آخری سہ ماہی میں نیچے کی جانب رہا۔

جب کہ نیویارک کی اسٹاک ایکس چینج میں بھی ایک فی صد سے زیادہ کمی ہوئی۔

یورپی یونین کی رپورٹ ایک ایسے وقت پر منظر عام پر آئی ہے جب یونان کے لیے جمعرات کی وہ حتمی تاریخ قریب آرہی ہے جس میں اسے پرائیویٹ قرض دہند گان سے کیے گئے معاہدے کے تحت 142 ارب ڈالر کے قرضوں میں سے نصف سے زیادہ کی کمی کرنا ہے۔

لیکن ایسے شواہد موجود موجود ہیں کہ سب قرض دہندگان اپنے قرضے معاف کرنے پر تیار نہیں ہوپائیں گے، جس کے نتیجے میں ایتھنز کی حکومت کو قرض فراہم کرنے والوں پر اپنے نقصانات کا بوجھ منتقل کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔

یونان یورپی یونین کے راہنماؤں کے ساتھ 172 ارب ڈالر کے نئے امدادی قرضوں کے معاہدے کو محفوظ بنانے کے لیے اپنے سابقہ قرضوں کا بوجھ گھٹانے کی کوشش کررہاہے۔

یورپی یونین کے اقتصادی کمشنر اولی رہن نے کہاہے کہ یورو زون فی الوقت ہلکی کساد بازاری کی زد میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال کی آخری سہ ماہی میں شروع ہونے والا معیشت کا سکڑاؤ نئے سال کے ابتدائی مہینوں میں بھی جاری رہا۔

اگر آئندہ ہفتوں میں 2012ء کی پہلی سہ ماہی میں معیشت کے سکڑاؤ کی تصدیق ہوگئی تو یہ گذشتہ تین سال کے دوران دوسری کساد بازاری ہوگی۔

XS
SM
MD
LG