جن سینکڑوں تارکین وطن کو اٹلی میں داخلے سے روک دیا گیا وہ اس وقت اسپین کا رخ کر رہے ہیں جہاں عہدے دار لگ بھگ629 لوگوں کو ملک میں داخل کرنے کی تیاری کر رہے ہیں جن میں حاملہ خواتین اور بہت سے بچے شامل ہیں۔
فرانسیسی صدر ایما نوئل میکرون نے اٹلی کی نئی حکومت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی قانون ان تارکین وطن کو اپنے ملک میں لینے کا متقاضی تھا جن کا زیادہ تر تعلق سب صحارا افریقہ سے ہے۔
فرانس کی جانب سے یہ مذمت تارکین وطن کے برسوں پرانے بحران سے نمٹنے کے طریقے پر یورپی یونین کے اندر موجود کشیدگیوں کو اجاگر کرتی ہے۔
اٹلی نے فرانس کے صدر ایما نوئیل میکرون کی کے مذمتي بیان کے رد عمل میں اٹلی نے بدھ کے روز فرانس کے سفیر کو طلب کیا۔
اٹلی کے وزیر داخلہ میٹیو سلوینی نے بدھ کے روز کہا کہ فرانس کو خود بہت سے مزید تارکین وطن کو اپنے ملک میں لے لینا چاہیے تھا اور یہ کہ میکرون کو لفاطی سے زیادہ عملی اقدام کرنے چاہیں۔
اب جب کہ اٹلی گزشتہ پانچ برسوں میں 640,000 تارکین وطن کو اپنے ملک میں لے چکا ہے یورپی یونین کے دوسرے ملکوں نے کچھ تارکین وطن کو اپنے ملکوں میں لینے سے متعلق روم کی اپیلوں کو زیادہ تر نظر انداز کیا ہے۔
اٹلی کے نائب وزیر اعظم لویگی ڈی مارئیو نے فرانس کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے یہ تنقید مضحکہ خیز ہے۔
اٹلی نے منگل کے روز دو بحری جہاز 629 تارکین وطن کو اسپین بھیجنے میں مدد کے لئے روانہ کیے تھے جس نے پیر کے روز غیر متوقع طور پر انہیں اپنے ملک میں لینے کی پیش کش کی تھی۔
تارکین وطن گزشتہ ہفتے لیبیا کے ساحل کے قریب اپنی رہائی کے بعد سے اس امدادی بحری جہاز ایکویریاس میں پھنسے ہوئے ہیں۔
ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز جو ایس او ایس میڈی ٹرینین کے ساتھ ساتھ ایکویریاس کو بھی آپریٹ کرتا ہے، کہا ہے کہ تارکین وطن تھکاوٹ اور پریشانی میں مبتلا تھے اور اس نے انتباہ کیا کہ 1500 کلومیٹر کے سفر کی وجہ سے کچھ مسافر صحت کے شديد خطرات میں مبتلا ہیں ۔ اس کا کہنا تھا کہ امدادی جہاز میں گنجائش سے بہت زیادہ مسافر سوار ہیں اس لیے اسپین تک پہنچنے کا چار روزہ سفر خاص طور پر خراب موسم کی وجہ سے خطرات سے پر ہو گا۔
اس مسائل سے نمٹنے کے لیے اٹلی کی دو کشتیاں کچھ تارکین وطن کو اس سے قبل کے وہ مغرب میں متوقع سمندر کی طغیانیوں سے گزریں ، انہیں لینے کے لیے امدادی جہاز کی طرف بڑ ھ رہی ہیں۔
ویلنشیا کی مقامی نائب صدر مونیکا اوٹرا کا کہنا تھا کہ حاملہ خواتین اور صحت کے دوسرے مسائل میں مبتلا لوگوں کے لیے صحت کی سہولیات کا بندو بست کیا جائے گا ہم جانتے ہیں کہ ان میں ایسے لوگ شامل ہیں جن کی جلد تیز دھوپ سے متاثر ہوئی ہ اور وزارت انصاف کے عملے کو ان لوگوں کے لیے کاغذی کارروائی کو آسان بنانے کے لیے متحرک کیا جائے گا۔
اٹلی کے نئے وزیر داخلہ اور انتہائی دائیں بازو کی لیگ کے سر براہ ماتیو سیوینی نے کہا ہے کہ اس ہفتے ان کے اقدامات کا مقصد دوسرے یورپی ملکوں کو تارکین وطن کے جاری ریلوں کی وجہ سے پیش آنے والے دباؤ کوبانٹنے پر مجبور کرنا ہے۔