رسائی کے لنکس

یورپی معیشت خطرے کے دہانے پر


یورپی معیشت خطرے کے دہانے پر
یورپی معیشت خطرے کے دہانے پر

یونان میں جاری قرضوں کے بحران کے باعث یورو زون کے ممالک کو شدید اقتصادی خطرات کا سامنا ہے۔۔ کیونکہ یونان کی نادہندگی کی صورت میں بڑے بڑے یورپی بینکوں اور مالیاتی اداروں کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ ہے ۔ اس صورت حال سے بچنے کے لیئے یورپی ممالک ایک حتمی معاہدے کے قریب ہیں لیکن معاشی ماہرین خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ یورو استعمال کرنے والے سترہ ممالک کی معیشت ایک بار پھر بحران کی جانب بڑھ رہی ہے۔

کاروباری صورتحال پر نظررکھنے والے ادارے پرچیزنگ میناگرز انڈیکس کے ایک تازہ سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یورپی کرنسی یورو پر اعتماد کم ہوتا جا رہا ہے اور گزشتہ تین ماہ سے کارخانوں کے آرڈرز میں لگاتار کمی ہوئی ہےجبکہ دو ماہ سے خدمات کے شعبے میں بھی مندی دیکھی گئی ہے۔معاشی ماہرین کے خیال میں اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یورپی معیشت سکڑ رہی ہے۔

یہاں تک کہ یورو ذون کی سب سے بڑی معیشت جرمنی بھی اس سے محفوظ نہیں۔ اکتوبر کے مہینے میں جرمنی کے خدمات کے شعبے میں کچھ بہتری آئی۔ مگر اس کے باوجود صنعتی پیدوار کے شعبے میں گزشتہ دوسال میں سب سے زیادہ کمی دیکھی گئی۔ماہر معاشیات پال سمتھ کہتے ہیں کہ یورپ میں خدمات اورصنعتی پیداوار کا شعبہ کمزور پڑنے سے حالات مزید خراب ہونگے۔

ان کا کہنا ہے کہ لوگوں نے کارخانوں کو اشیا کی خرید کے لئے آرڈرز ملتوی کر دئیے ہیں ۔ میرے خیال میں اب معیشت کے یہ دو ستون بد حالی کا شکار ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ ہم ایک بار پھر کساد بازاری کے دور میں داخل ہورہے ہیں۔

معاشی بحران کے ایک اور خطرے کے باوجود اس ہفتے کے شروع میں اس امید پر دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹوں میں بہتری دیکھنے میں آئی کہ یورپی راہنما یونان کے قرضوں کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے ایک حتمی معاہدے پر پہنچنے کے قریب ہیں۔باڈر بینک کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ توقعات بہت زیادہ ہیں۔ اب فیصلوں کا وقت ہے۔ ورنہ اقتصادی منڈی میں بہت مایوسی پھیل جائے گی۔

برسلز میں یورپی یونین کے راہنما یورپی بینکوں کو سہارا دینے اور یہ یقینی بنانے کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں کہ یورو زون کا امدادی پیکج اتنا بڑا ہو کہ وہ مستقبل میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ مگر معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وقت تیزی سے گزرتا جا رہا ہے ۔

XS
SM
MD
LG