رسائی کے لنکس

یوکرین: حکومت اور باغیوں کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ


تبادلے کے دوران یوکرین حکومت 220 جنگجووں کو باغیوں کے حوالے کرے گی جو جواب میں یوکرین کے 150 فوجی اہلکاروں کو رہا کریں گے۔

یوکرین کی حکومت اور ملک کے مشرقی علاقے پر قابض روس نواز باغیوں نے ان سیکڑوں قیدیوں کے تبادلے کا آغاز کردیا ہے جنہیں طرفین نے آٹھ ماہ سے جاری محاذ آرائی کے دوران حراست میں لیا ہے۔

حکام کے مطابق تبادلے کے دوران یوکرین حکومت 220 جنگجووں کو باغیوں کے حوالے کرے گی جو جواب میں یوکرین کے 150 فوجی اہلکاروں کو رہا کریں گے۔

قیدیوں کا یہ تبادلہ اس معاہدے کے تحت ہورہا ہے جس پر فریقین نے رواں ہفتے بیلاروس کے دارالحکومت مِنسک میں ہونے والے مذاکرات کے دوران اتفاق کیا تھا۔

مذاکرات کا مقصدیوکرین کی حکومت اور ملک کے مشرقی علاقوں دونیسک اور لوہانسک پر قابض روس نواز باغیوں کے درمیان ستمبر میں طے پانے والے 12 نکاتی امن معاہدے پر مکمل عمل درآمد کے لیے لائحہ عمل طے کرنا تھا۔

ان مذاکرات میں یورپ کی تنظیم برائے سلامتی اور تعاون (او ایس سی ای) اور روس کے نمائندوں نے فریقین کے درمیان ثالث کا کردار ادا کیا تھا۔

بات چیت میں شریک سفارتی نمائندوں کے مطابق فریقین کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور آئندہ ہفتے ہونا ہے جس میں مشرقی یوکرین کے علاقے ڈونباس میں باغیوں اور سرکاری فوج کے درمیان جاری لڑائی بند کرانے کے لیے امن معاہدے پر اتفاق ہوسکتا ہے۔

سفارتی نمائندوں کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی فضا سخت کشیدہ ہے اور فریقین اپنے اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG