رسائی کے لنکس

امریکہ نے جدید لڑاکا طیارے ایف 35 گراؤنڈ کر دیے


ایف 35 لڑاکا جیٹ طیارہ جو ریڈار کی نظروں سے پوشیدہ رہنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ فائل فوٹو
ایف 35 لڑاکا جیٹ طیارہ جو ریڈار کی نظروں سے پوشیدہ رہنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ فائل فوٹو

ایئر فورس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس تعطل کا مقصد یہ ہے کہ ایئر فورس کے ماہرین اور ڈاکٹر، آکسیجن کی فراہمی کے مسئلے کو حل کر لیں جس کا پائلٹوں کو سامنا ہو سکتا ہے۔

لاک ہیڈ مارٹن کارپوریشن کے بنائے ہوئے جدید ترین لڑاکا جیٹ طیاروں ایف 35 کو آئندہ حکم تک کے لیے گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔ یہ طیارے دشمن کے ریڈار کی نظروں سے پوشیدہ رہنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

خبررساں ادارے روئیٹرز کی ایک رپورٹ میں امریکی ایئر فورس کے ترجمان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ طیاروں کو گراؤنڈ کرنے کی وجہ پائلٹ کے لیے آکسیجن کی فراہمی کے نظام کی خرابی ہے۔

جمعے کے روز ایری زونا کے ایئر بیس سے ان طیاروں کی تربیتی پروازیں طے تھیں، لیکن خرا بی سامنے آنے کے بعد پروازوں کو پیر کے روز تک کے لیے مؤخر کر دیا گیا۔

پیر کے روز یہ کہا گیا کہ تربیتی پروگرام پر عمل درآمد تا حکم ثانی معطل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اس تعطل کا مقصد یہ ہے کہ ایئر فورس کے ماہرین اور ڈاکٹر، آکسیجن کی فراہمی کے مسئلے کو حل کر لیں جس کا پائلٹوں کو سامنا ہو سکتا ہے۔

کمپنی کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ وہ اس مسئلے کے حل میں ایئر فورس کی مدد کریں گے۔

طیارہ ساز کمپنی لاک ہیڈ مارٹن نے کہا ہے کہ وہ اس مہینے پیرس کے ایئر شو میں ایف 35 جیٹ طیارے کی نمائش کا ارادہ رکھتی ہے۔

پچھلے سال کی آخری سہ ماہی میں لاک ہیڈ کی کل آمدنی کا 37 فی صد ایف 35 طیاروں کی فروخت سے حاصل ہوا تھا۔ اسے ہوا بازی سے متعلق آلات کی فروخت سے اس سہ ماہی میں مجموعی طور پر 4 ارب 11 کروڑ ڈالر حاصل ہوئے تھے۔

لاک ہیڈ مارٹن کمپنی اپنے مرکزی شراکت داروں نارتھ راپ کارپوریشن، یونائیٹڈ ٹیکنالوجیز کارپوریشن، پریٹ اینڈ ویٹنی اور بی اے ای سسٹمز کے ساتھ مل کر امریکی فضائیہ اور اس کے 10 اتحادیوں کے لیے ایف 35 جیٹ طیارے تیار کررہی ہے۔

اب تک 220 سے زیادہ ایف 35 طیارے تیار کرکے دنیا بھر میں فراہم کیے جا چکے ہیں جو مجموعی طور پر 95000 گھنٹوں سے زیادہ پروازیں کرچکے ہیں۔

یہ طیارے ابھی تک کسی جنگی میدان میں استعمال نہیں ہوئے۔

XS
SM
MD
LG