رسائی کے لنکس

فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان کی سربراہی سے ہٹا دیا گیا


ڈاکٹر فاروق ستار۔ فائل فوٹو
ڈاکٹر فاروق ستار۔ فائل فوٹو

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے پارٹی کنوینر اور سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کو عہدے سے ہٹانے کا اعلان کر دیا ہے۔

کراچی کے علاقے بہادرآباد میں پارٹی کے عارضی مرکز کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی رہنما کنور نوید نے کہا کہ اس بات کا اعلان انتہائی دکھ سے کیا جارہا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار کو پارٹی عہدے سے الگ کردیا گیا ہے. اس کا فیصلہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ سات روز سے جاری اس کشمکش کا نتیجہ ہے جو پارٹی میں سینیٹ کے انتخابات کے سلسلے میں امیدواروں کے ناموں کو تجویز کرنے پر شروع ہوئی تھی. اس دوران دونوں دھڑوں نے مذاکرات اور مصالحت کی کئی کوششیں کیں جو بارآور ثابت نہ ہوسکیں۔

دوسری جانب خود کو پارٹی عہدے سے الگ کئے جانے پر فوری ردعمل دیتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ واضح ہوچکا ہے کہ یہ سب پارٹی کے اقتدار پر قبضے کی جنگ تھی جو بقول فاروق ستار کے ان کے خلاف جاری تھی۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف قانونی جنگ لڑنے کے لئے تیار ہیں۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے اسی معاملے پر آج رات جنرل ورکرز اجلاس بھی طلب کررکھا ہے جس سے وہ خطاب کریں گے۔

دونوں دھڑوں کے درمیان اس وقت اختلاف میڈیا پر سامنے آئے جب ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے کامران ٹیسوری کو پارٹی کی طرف سے سینیٹ انتخابات کے لئے نامزد کیا گیا جس کی 35 رکنی رابطہ کمیٹی میں سے اکثریت نے مخالفت کی۔ تاہم ڈاکٹر فاروق ستار آخر تک اپنی اس بات پر قائم رہے تھے۔

سینیٹ کے انتخابات کے لئے نامزدگی کا اختیار پارٹی پہلے ہی ڈاکٹر فاروق ستار سے لے کر پارٹی کے ڈپٹی کنوینر خالد مقبول صدیقی کو دے چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG