کراچی: پاکستان کے معاشی مرکز کہلانے والے شہر، کراچی میں فیشن ویک سجایا گیا جس کا انعقاد ایک مقامی ہوٹل میں ہوا، جس میں پاکستان کے مختلف شہروں کے ڈریس ڈیزائنرز نے حصہ لیا۔
گزشتہ دنوں جاری رہنے والے فیشن ویک میں پیش کئے گئے ملبوسات کا عنوان: 'سمر سپرنگ 2015 ' رکھا گیا تھا، جس میں بدلتے موسم کی مناسبت سے مشرقی و مغربی لائف اسٹائل کے ملبوسات پیش کئے گئے۔
فیشن ویک کونسل کی چیف ایگزیکٹو، وردہ شکیل نے ’وائس آف امریکہ‘ سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ، ’فیشن ویک ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں پاکستان کے نئے ڈیزائنروں سمیت منجھے ہوئے ڈیزائنرز کو اپنی نئی کلیکشن پیش کرنے کا موقع ملتا ہے، جہاں وہ اپنی نئی تخلیقات کو ماہرین اور شائقین کے سامنے پیش کرتے ہیں‘۔
انھوں نے مزید کہا کہ، ’فیشن ویک کراچی سمیت دیگر شہروں بلکہ بین الاقوامی سطح کے ڈیزائنروں کو مدعو کیا جاتا ہے، تاکہ پاکستان کے ٹیلنٹ سے بھرپور ڈیزائنروں کی محنت سامنے آئے‘۔
شو میں حصہ لینے والے پاکستان کے مشہور ڈریس ڈیزائنر، ایچ ایس وائے حسن شہریار خان نے ’وی او اے‘ سے گفتگو میں کہا کہ ’میں نے کافی عرصے بعد کلیکشن کو پیش کیا جو خاص فیشن ویک کا حصہ بنے ہیں۔ امید ہے مزید بھی یہ سلسلہ جاری رہےگا'۔
شو میں شریک ایک خاتون شہری نے گفتگو میں بتایا کہ اس طرح کے شوز پاکستان کی فیشن انڈسٹری کیلئے بہت ضروری ہیں۔ ایسے شوز کے ذریعے دنیا کو یہ بتانے کا موقع ملتا ہے کہ پاکستان میں بھی فیشن کا ایک بھرپور ٹیلنٹ موجود ہے۔
پورا ہفتہ جاری رہنےوالے اس فیشن ویک میں ملک بھر کے نامور ڈیزائنروں حسن شہریار خان، آمنہ عقیل، دیپک پاروانی، عدنان پردیسی اور وردہ سلیم سمیت 20 فیشن ڈیزائنروں نے اپنے تیار کردہ نئی کلیکشن فیشن ویک میں پیش کیں۔
فیشن ویک مین ملک کی سپر ماڈلز ربیعہ چوہدری، سیبل، سنیتا مارشل، ارج اور دیگر ٹاپ ماڈلز نے ڈیزائنروں کے کلیکشن پہن کر ریمپ پر واک کی۔