رسائی کے لنکس

آئی فون کا خفیہ کوڈ کھولنے کے لیے بھاری رقم کی ادائیگی


ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی کا کہنا تھا اس تنازع کے دوران "کسی نے ہم سے رابطہ کیا اور کہا کہ ان کے پاس اس کا حل ہے۔" ان کے بقول ان لوگوں کو تعلق حکومت سے نہیں تھا۔

امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارے "ایف بی آئی" کا کہنا ہے کہ اس نے کیلیفورنیا کے علاقے سان برنارڈینو کے ایک حملہ آور کے آئی فون کے خفیہ کوڈ کو ہیک کرنے کے لیے دس لاکھ ڈالر سے زائد رقم ادا کی۔

لندن میں جمعرات کو ایک سکیورٹی فورم سے خطاب کرتے ہوئے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی نے یہ تو نہیں بتایا کہ کل کتنی رقم فراہم کی گئی اور کس نے یہ خفیہ کوڈ توڑنے کا کلیہ بنایا، لیکن ان کے بقول یہ رقم ان کے آئندہ سات سالوں کی مجموعی تنخواہ سے بھی زیادہ بنتی ہے۔

ڈائریکٹر کی سالانہ تنخواہ ایک لاکھ 80 ہزار ڈالر ہے، جس کا مطلب ہے کہ بیورو نے 12 لاکھ 60 ہزار ڈالر یا اس سے زائد رقم ادا کی۔

گزشتہ دسمبر میں سان برنارڈینو میں فائرنگ کر کے 14 افراد کو ہلاک کرنے والے حملہ آوروں میں سے ایک کے آئی فون کی معلومات تک رسائی کے لیے ایف بی آئی نے عدالت کے ذریعے ایپل کمپنی کو خفیہ کوڈ کو بائی پاس کرنے کے لیے ایک سافٹ ویئر تیار کرنے کا کہا تھا لیکن کمپنی نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

ایپل اور محکمہ انصاف کے درمیان تقریباً 43 روز تک قانونی لڑائی جاری رہی۔

کومی کا کہنا تھا اس تنازع کے دوران "کسی نے ہم سے رابطہ کیا اور کہا کہ ان کے پاس اس کا حل ہے۔" ان کے بقول ان لوگوں کو تعلق حکومت سے نہیں تھا۔

جب آئی فون کی معلومات تک رسائی کی تصدیق ہو گئی تو ایف بی آئی نے ایپل کمپنی کے خلاف درخواست واپس لے لی۔

XS
SM
MD
LG