رسائی کے لنکس

امریکی خاتون بلاگر کی موت معمہ، بینک کارڈ استعمال کرنے پر لاپتا دوست کے وارنٹ جاری


پولیس نے 22 سالہ ٹریول بلاگر گیبی پیٹیٹو کی موت کے بعد ان کے بینک کارڈ استعمال کرنے پر ان کے دوست برائن لانڈرے پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔
پولیس نے 22 سالہ ٹریول بلاگر گیبی پیٹیٹو کی موت کے بعد ان کے بینک کارڈ استعمال کرنے پر ان کے دوست برائن لانڈرے پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔

امریکہ کی ریاست وائیومنگ میں پولیس نے 22 سالہ ٹریول بلاگر گیبی پیٹیٹو کی موت کے بعد ان کے بینک کارڈ استعمال کرنے کی پاداش میں ان کے دوست برائن لانڈرے پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔

گیبی کی لاش کی باقیات اتوار کو ویسٹرن وائیومنگ میں برجر ٹینٹن نیشنل فاریسٹ سے ملی تھی۔ تحقیقات کرنے والے اہلکاروں نے ان کی موت کو قتل قرار دینے کو مسترد کیا تھا۔ تاہم انہوں نے موت کی وجہ بھی ظاہر نہیں کی تھی۔

گیبی اور برائن گزشتہ ماہ سیر و تفریح کے لیے ایک طویل روڈ ٹرپ پر نکلے تھے۔ اس ٹرپ کے دوران ان کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

تئیس سالہ برائن کے سرچ وارنٹ اس وقت جاری ہوئے جب ریاست وائیومنگ کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں گرینڈ جیوری نے اسے غیر قانونی طور پر گیبی پیٹیٹو کے ڈیبٹ کارڈ اور اس کے ذاتی شناختی نمبرز استعمال کرنے کا قصور وار پایا۔ تاہم ان پر گیبی پیٹیٹو کے قتل کا الزام عائد نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ برائن جن کے بارے میں اب تک کچھ معلوم نہیں کہ وہ کہاں ہیں جب کہ پولیس نے برائن کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد ان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

ایف بی آئی کے اسپیشل ایجنٹ انچارچ مائیکل شینیڈر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ وارنٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو برائن کی گرفتاری کی اجازت دیتے ہیں۔ ایف بی آئی اور دیگر ادارے گیبی پیٹیٹو کی موت سے متعلق حقائق اور حالات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔

مائیکل شنیڈر نے کہا کہ اس معاملے میں برائن کے ملوث ہونے سے متعلق یا اس کی موجودگی کے مقام کے بارے میں معلومات رکھنے والے افراد ایف بی آئی سے رابطہ کریں۔

فرد جرم میں برائن لانڈرے پر الزام ہے کہ انہوں نے 30 اگست سے یکم ستمبر کے دوران گیبی کے ڈیبٹ کارڈ سے ایک ہزار ڈالر یا اس سے زائد رقم خرچ کی۔

گیبی پیٹیٹو کو آخری مرتبہ 24 اگست کو دیکھا گیا تھا۔ تفتیش کرنے والے اہلکاروں کو لگتا ہے کہ گیبی پیٹیٹو کی ہلاکت 24 سے 30 اگست کے دوران ہوئی۔

گیارہ ستمبر، جب سے گیبی پیٹیٹو کی والدہ نکول شمت نے اپنی بیٹی کے لاپتا ہونے کے بارے میں اطلاع دی، امریکہ کے ذرائع ابلاغ میں یہ خبر شہ سرخیوں میں ہے۔

برائن روڈ ٹرپ کے ختم ہونے سے 10 دن قبل گیبی پیٹیٹو کے بغیر نارتھ پورٹ فلوریڈا میں اپنے گھر واپس آ گئے تھے۔

برائن کے والدین نے حکام کو آگاہ کیا کہ وہ تین دن قبل ہائیکنگ کے لیے گئے جس پر پولیس اور ایف بی آئی کے اہلکاروں نے برائن کی تلاش کے لیے کارلٹن ریزرو کے جنگلات میں کتوں کی مدد لی۔

تلاش کرنے والی ٹیم نے مگرمچھوں سے بھرے جنگل میں جمعرات کی شام یہ کہتے ہوئے تلاش کا کام ختم کر دیا تھا کہ وہ جمعے کو دوبارہ تلاش شروع کریں گے۔

ایف بی آئی نے جمعرات کو شہریوں سے بھی کہا تھا کہ 27 سے 30 اگست کے دوران اگر کسی کا بھی برائن یا گیبی سے رابطہ ہوا ہے تو وہ فوری اطلاع دیں۔

گیبی پیٹیٹو کی باقیات 27 اگست کو اس مقام سے 300 میٹر کے فاصلے پر ملی تھیں جہاں ایک اور ٹریول بلاگرز کی بنائی گئی وڈیو میں گیبی اور برائن کے استعمال والی گاڑی کو دیکھا جا سکتا ہے۔

گیبی پیٹیٹو نے اپنی آخری تصویر انسٹا گرام اکاؤنٹ پر 25 اگست کو پوسٹ کی تھی اور اسی روز انہوں نے ٹیلی فون پر اپنی والدہ سے بھی گفتگو کی تھی۔

اہلِ خانہ کا خیال ہے کہ گیبی پیٹیٹو اور برائن اس وقت وائیومنگ میں گرینڈ نیشنل پارک جا رہے تھے۔

نکول شمت کو 27 اگست اور 30 اگست کو گیبی پیٹیٹو کے فون سے ٹیکسٹ میسجز ملے تھے البتہ تحقیقات کرنے والے اہلکاروں کے مطابق ان کو شبہ ہے کہ یہ پیغامات ان کی بیٹی نے نہیں بلکہ کسی اور نے کیے تھے۔

ایک ٹیکسٹ میسج میں گیبی پیٹیٹو کے نانا کو ان کے پہلے نام سے مخاطب کیا گیا ہے۔ نکول شمت کہتی ہیں کہ ان کی بیٹی ایسا نہیں کر سکتیں۔

دوسرے ٹیکسٹ میسج میں کہا گیا ہے کہ یہاں سروس نہیں ہے۔ یہ علاقہ کیلی فورنیا میں نیشنل پارک کا ہے اور خیال ہے کہ گیبی اور برائن نے اپنے ٹرپ میں یہاں کا دورہ نہیں کیا۔

گیبی اور برائن کی ملاقات لانگ آئی لینڈ نیویارک کے ایک ہائی اسکول میں ہوئی تھی۔ انہوں نے جولائی کے شروع میں نیویارک سے مغرب کی طرف سفر شروع کیا اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا کہ وہ ریاست کینساس، کولوراڈو اور یوٹا کا سفر کر چکے ہیں۔

اگست کے دوسرے ہفتے میں ہنگامی مدد کے نمبر پر ایک کالر نے اطلاع دی تھی کہ برائن یوٹا میں گیبی پیٹیٹو کو مون فلاور کمیونیٹی کوآپریٹو کے سامنے تھپڑ مار رہا ہے۔

پولیس نے اس وین کو آرچز نیشنل پارک کے نزدیک ہائی وے پر دیکھا۔

پولیس اہلکار کے جسم پر لگے کیمرے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گیبی رو رہی ہیں اور بتا رہی ہیں کہ ایک بحث کے بعد انہوں نے برائن کو تھپڑ مارا تھا۔ اس وقت وہ گاڑی چلا رہے تھے۔

پولیس افسر نے جوڑے کو گرفتار نہیں کیا تھا البتہ ان سے کہا تھا کہ بہتر ہے کہ وہ رات ایک دوسرے سے الگ رہیں۔

اس رپورٹ میں شامل مواد خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG