تفتیش سے آگاہ افراد کے حوالے سے، 'واشنگٹن پوسٹ' نے ہفتے کے روز خبر دی ہے کہ ایف بی آئی نے بریٹ کیوینو پر جنسی زیادتی کا الزام لگانے والی دوسری خاتون سے رابطہ کیا ہے۔ یہ تفتیش سپریم کورٹ کے نامزد جج کے خلاف شروع کی گئی ہے۔
فوری طور پر یہ بات واضح نہیں ہو پائی آیا ایف بی آئی نے ڈبورا رمریز سے تفصیل معلوم کی ہیں، جنھوں نے 23 ستمبر کی 'نیویارکر میگزین' میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں الزام لگایا تھا کہ طالب علموں کی ایک پارٹی میں شراب کی محفل کے دوران کیوینو نے اُن کے سامنے اپنے کپڑے اتار دیے تھے، جنھیں دھکا دے کر اُنھوں نے اپنے سے دور کیا تھا۔
رمریز نے کہا کہ یہ واقع-84۔1983 میں اُس وقت ہوا جب وہ ییل یونیورسٹی میں پڑھتے تھے۔
'پوسٹ' نے کہا ہے کہ ایف بی آئی کرسٹین بلیسی فورڈ کے الزامات کی چھان بین بھی کر رہی ہے، جس خاتون نے کیوینو پر الزام لگایا تھا۔ اُن کی کہانی 1982ء کی ہے جب وہ نوجوان تھے۔
اُنھوں نے بتایا کہ واشنگٹن کے مضافات میں واقع ایک گھر پر کیوینو نے اُن سے جنسی زیادتی کی تھی۔ کیوینو نے برہمی کے ساتھ اس الزام کو مسترد کیا ہے۔
دونوں نے جمعرات کے روز تفصیلی سماعت کے دوران سینیٹ کی جوڈیشل کمیٹی کے سامنے اپنی اپنی کہانیاں پیش کیں۔