آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں جاری آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنمنٹ میں سوٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے عالمی نمبر تین رینکنگ کے کھلاڑی راجر فیڈرر کو غیر معروف مقامی کھلاڑی جان ملمین کے ہاتھوں بڑی شکست کا خطرہ درپیش تھا۔ تاہم میچ کے پانچویں سیٹ میں آخری دس ٹائی بریکر حاصل کرتے ہوئے وہ بالآخر ملمین کو شکست دے کر اگلے مرحلے کے لئے کوالی فائی کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
یہ فیڈرر کے لئے میلبورن میں 100 ویں فتح تھی۔ جمعہ کے روز ملمین کے خلاف ان کا میچ انتہائی سخت ثابت ہوا، جو چار گھنٹے تک جاری رہا۔ اس میچ میں راجر فیڈرر نے ورلڈ نمبر 47 جان ملمین کے خلاف 4-6, 7-6, 6-4, 4-6, 7-6 سے کامیابی حاصل کی۔
20 مرتبہ گرینڈ سلیم ٹائیٹل جیتنے والے فیڈرر نے اس میچ میں 82 ان فورسڈ ایریرز کیں اور میچ کا فیصلہ اضافی ٹائی بریکرز پر ہوا۔
میچ کے بعد فیڈرر کا کہنا تھا کہ ملمین بہت اچھے کھلاڑی ہیں اور اس میچ میں ملمین نصف سے زیادہ وقت تک حاوی رہے جنہوں نے میرے لیے یہ میچ جیتنا انتہائی مشکل بنا دیا۔
ادھر خواتین کے مقابلوں میں سابق ورلڈ نمبر ون سیرینا ولیمز ٹورنمنٹ کے تیسرے میچ میں چینی کھلاڑی وانگ قیانگ سے 4-6. 7-6, 5-7 سے شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔ یوں وہ اپنے کیرئر کا 24 واں ٹائیٹل جیتنے میں ناکام رہیں۔